آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ق) پیرپگارا کے ساتھ اتحاد کرے گی، پرویزالہٰی

ویب ڈیسک  بدھ 26 دسمبر 2012
پیرپگارا نے مخدوم احمد محمود کی جگہ غلام مصطفیٰ کھر کو فنکشنل لیگ پنجاب کا صدر بنانے کا اعلان  کیا۔۔ فوٹو: این این آئی

پیرپگارا نے مخدوم احمد محمود کی جگہ غلام مصطفیٰ کھر کو فنکشنل لیگ پنجاب کا صدر بنانے کا اعلان کیا۔۔ فوٹو: این این آئی

کراچی: نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالہٰی نےکہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ق) پیرپگارا کے ساتھ اتحاد کرے گی اور پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔

کراچی میں فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ انتخابی اتحاد کا اعلان الیکشن شیڈول کے بعد کیا جائےگا۔ انہوں  نے کہا  میں نے پیرپگارا کو اس حوالے سے لاہورآنے کی دعوت دی ہے جوانہوں نے قبول کرلی۔

چوہدری پرویزالہیٰ  نے کہا کہ طاہر القادری سے  صرف ایک پارٹی کو خطرہ ہے اور ایک دو دن میں  ساری چیزیں  واضح ہوجائیں گی۔

پیرپگارا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سنا ہے الیکشن نزدیک ہے شاید اسی وجہ سے تمام پارٹیاں سرگرم ہوگئی ہیں،انہوں نے کہا کہ مخدوم احمد محمود گورنر پنجاب بن گئے ہیں اورپارٹی سے جانے والے کو کوئی نہیں روک سکتا۔

اس موقع پر پیرپگارا نے غلام مصطفیٰ کھر کو فنکشنل لیگ پنجاب کا صدر بنانے کا بھی اعلان  کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔