انتخابات ملتوی کرانے کی سازش کی گئی تو حالات خراب ہوجائیں گے،گیلانی

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 26 دسمبر 2012
سياسی قوتوں كو اختلافات كی بجائے ايک ايجنڈے پر عمل پيرا ہونا چاہيے اور وہ ايجنڈا مفاہمتی پليٹ فارم ہے،یوسف رضا گیلانی  فوٹو: فائل

سياسی قوتوں كو اختلافات كی بجائے ايک ايجنڈے پر عمل پيرا ہونا چاہيے اور وہ ايجنڈا مفاہمتی پليٹ فارم ہے،یوسف رضا گیلانی فوٹو: فائل

کراچی: پاكستان پيپلز پارٹی كے سینئر وائس چيئرمين اور سابق وزير اعظم يوسف رضا گيلانی نے كہا ہے كہ اگر عام انتخابات ملتوی كرانے كی سازش كی گئی تو ملک کے حالات مزيد خراب ہوجائیں گے کیونکہ ملک كا مستقبل آئندہ انتخابات سے وابستہ ہے۔

كراچی ایئرپورٹ پر ميڈيا سے بات چيت کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سپريم كورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کی بنا پر آئندہ انتخابات ميں حصہ نہيں لے سكتا تاہم پارٹی كاركن كی حيثيت سے پيپلز پارٹی كی ترقی كے لئے جو بھی ہوسكا كروں گا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک كو اس وقت دہشت گردی سميت مختلف چيلنجز كا سامنا ہے، اس وقت سياسی قوتوں كو اختلافات كی بجائے ايک ايجنڈے پر عمل پيرا ہونا چاہیے اور وہ ايجنڈا مفاہمتی پليٹ فارم ہے جس پر جمع ہوكر ہی ہم ملک كو مسائل سے نكال سكتے ہيں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا كہ منصفانہ اور شفاف اليكشن كا بروقت انعقاد ملک كی سب سے بڑی ضرورت ہے اور اگر انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو ملک بحران كا شكار ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔