2012میں 22بینک ڈکیتیاں، 5کروڑ 42لاکھ لوٹ لیے گئے

ساجد رؤف  جمعـء 28 دسمبر 2012
آخری واردات 30 نومبر کو کراچی ایڈ من سوسائٹی میں واقع بینک میں ہوئی ،ملزمان نے 49 لاکھ روپے لوٹے، گذشتہ سال20بینک ڈکیتیوںمیں 7کروڑ66لاکھ لوٹ لیے گئے. فوٹو: فائل

آخری واردات 30 نومبر کو کراچی ایڈ من سوسائٹی میں واقع بینک میں ہوئی ،ملزمان نے 49 لاکھ روپے لوٹے، گذشتہ سال20بینک ڈکیتیوںمیں 7کروڑ66لاکھ لوٹ لیے گئے. فوٹو: فائل

کراچی: رواں سال شہر میں ڈاکوئوں نے22 بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں کے دوران 5 کروڑ 42 لاکھ11ہزار 594روپے لوٹ لیے۔

گذشتہ سال 2011میں20بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ڈاکو 7 کروڑ 66 لاکھ79ہزار 494 روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے، تفصیلات کے مطابق سال 2012 کی پہلی بینک ڈکیتی 31 جنوری کو جمشید کوارٹرز کے علاقے میں جگر مراد آبادی روڈ پر واقع حبیب بینک میں ہوئی جہاں ملزمان بینک سے 10لاکھ  4ہزار 455 روپے اور 10 لاکھ 83 ہزار 955 روپے کے پرائز بونڈ لوٹ کر فرار ہوئے ، سال کی دوسری بینک ڈکیتی 7 فروری کو گلستان جوہر بلاک7 میں واقع حبیب بینک کی برانچ میں ہوئی ،20 لاکھ 6 ہزار 242 روپے لوٹ لیے گئے۔

6 مارچ کو سال کی تیسری بینک ڈکیتی ناظم آباد نمبر 3 میں واقع میزان بینک میں ہوئی جہاں ملزمان 14 لاکھ 45 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ، چوتھی بینک ڈکیتی کی واردات 13 اپریل کو فیڈرل بی ایریا میں بلاک 17میں واقع UBL بینک میں ہوئی جہاں ملزمان 2لاکھ 12ہزار روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ،2012 کی پانچویں واردات 4 مئی کو فیروز آباد کے علاقے میں کشمیر روڈ پر UBL بینک میں ہوئی اور اس واردات میں مسلح ملزمان 6 لاکھ 90 ہزار 977 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، سال کی چھٹی بینک ڈکیتی کی واردات 14مئی کو سعید آباد کے علاقے نیول کالونی میں واقع UBL بینک میں ہوئی ، ملزمان نے واردات کے دوران 6 لاکھ 88 ہزار 536 روپے لوٹ لیے۔

02

رواں سال کی ساتویں بینک ڈکیتی یکم جون کو ڈیفنس فیز 5 میں بدر کمرشل اسٹریٹ نمبر 10میں واقع سمٹ بینک میں ہوئی جہاں ملزمان نے 37لاکھ 60 ہزار لوٹ لیے، 14 جون کو فیڈرل بی ایریا بلاک 10میں واقع دبئی اسلامک بینک سے ملزمان نے23 لاکھ42 ہزار 280 روپے لوٹے، سال 2012 کی نویں واردات 15جون کو رضویہ مسلم لیگ کوارٹرز میں ہوئی اور اس ڈکیتی میں ملزمان حبیب بینک سے 45 لاکھ 84 ہزار 541 روپے لوٹ کر فرار ہوئے، 6 جولائی کوجیکسن میں واقع UBL بینک سے ملزمان 2لاکھ 59 ہزار 305 روپے لوٹ کر فرار ہوئے ، گیارہویں واردات 13 جولائی کو ڈیفنس فیز 2 ایکسٹینشن میں واقع بینک الفلاح میں ہوئی اور اس ڈکیتی میںملزمان نے 45 لاکھ 19ہزار 683 روپے لوٹے۔

بارہویں بینک ڈکیتی 27 اگست کو بوٹ بیسن کے علاقے میں شیریں جناح کالونی میں ہوئی اور ملزمان نے UBL بینک سے47لاکھ 11ہزار 990 روپے لوٹے، تیرہویں بینک ڈکیتی کی واردات 19ستمبر کو ناظم آباد نمبر 3 میں واقع بینک اسلامی میں ہوئی جہاں سے ملزمان 18لاکھ 31 ہزار لوٹ کر فرار ہوئے، رواں سال کی چودہویں بینک ڈکیتی 24 ستمبر کو سائٹ کے علاقے میں واقع شبیر اسپتال کے قریب UBL بینک میںہوئی جہاں سے 25لاکھ 98 ہزار 4 روپے لوٹے گئے، 25 ستمبرپندرہویں بینک ڈکیتی نیو ٹائون یونیورسٹی روڈ پر واقع الحلال سوسائٹی بینک الحبیب میں ہوئی جہاں سے ملزمان 15 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔

سولہویں بینک ڈکیتی 2 اکتوبر کو سعید آباد شاہراہ وقاص پر UBL بینک سے 47لاکھ 46 ہزار280 روپے لوٹے گئے، ستر ہویں بینک ڈکیتی کی واردات 2 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر واقع بینک الحبیب بینک میں ہوئی جہاں سے ملزمان 18لاکھ 22 ہزار650 روپے لوٹ کر فرار ہوئے ، رواں سال کی اٹھارہویں بینک ڈکیتی 5 اکتوبر کو جیکسن کے علاقے جنگل شاہ کے قریب میزان بینک میں ہوئی اور اس واردات میں ملزمان نے5 لاکھ 43 ہزار 389 روپے لوٹ لیے، انیس ویں بینک ڈکیتی کی واردات15اکتوبر کو گلستان جو ہر بلاک 4 میںمیٹرو پولیٹن بینک میں ہوئی اور اس واردات میں مسلح ڈاکو 37 لاکھ 3 ہزار 547 روپے لوٹ کر لے گئے۔

6نومبر کو بینک ڈکیتی کی بیسویں واردات سونیری بینک میں ہوئی جہاں سے ملزمان نے 16 لاکھ 31 ہزار 650 روپے لوٹ لیے، اکیسویں بینک ڈکیتی کی واردات 14نومبر کوگلستان جو ہر بلاک18 میں واقع NBP بینک سے 37 لاکھ روپے لوٹے گئے، سال 2012 کی آخری اور بائیسویں واردات 30 نومبر کو ٹیپو سلطان کے علاقے کراچی ایڈ من سوسائٹی میں واقع میزان بینک میں ہوئی جس میں ڈاکو 49 لاکھ 16ہزار110روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،گذشتہ سال 2011میں 20 بینک لوٹے گئے تھے اور20 بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملزمان 7کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار494 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔