دسمبر2016ء مہنگائی کی شرح میں3.7 فیصد کا اضافہ

خصوصی رپورٹر  منگل 3 جنوری 2017
سبزیاں سستی ہونے سے نومبرکے مقابل0.7فیصدکمی، بیوروشماریات۔ فوٹو : فائل

سبزیاں سستی ہونے سے نومبرکے مقابل0.7فیصدکمی، بیوروشماریات۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  ملک میں دسمبر کے دوران افراط زر کی شرح میں سال بہ سال 3.7 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم سبزیاں سستی ہونے سے ماہانہ بنیادوں پرمہنگائی 0.68فیصد کم ہو گئی جبکہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں مہنگائی کی شرح اوسطاً 3.88 فیصد رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں صرف 2.08 فیصد تھی۔

پاکستان بیورو شماریات کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2016میں نومبر کے مقابلے میں چائے، انڈے، موٹر فیول، کیروسین آئل، سگریٹ، دال چنا، مٹی کا تیل ،مچھلی، اونی کپڑے، اخبارات،جلانے کی لکڑی، بیسن، ادویات، طبی آلات، خوردنی گھی،اور کپڑوں کی سلائی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آلو،سبزیاں ،چینی ، مرغی، گڑ، دال ماش، ٹماٹر، دال مسور اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر گزشتہ ماہ کابلی چنا، دال چنا، بیسن، انڈے، تازہ سبزیاں، آلو، سگریٹس، چینی، تازہ پھل، نٹس مہنگے ہوئے۔

ٹیلرنگ وتعلیمی اخراجات، واٹرسپلائی، طبی آلات، ڈاکٹر فیس، ادویہ، ذاتی آلات، گھروں کے کرائے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ پیاز، ٹماٹر، مرغی، دال مونگ، چائے کے ساتھ موٹرفیول، موٹروہیکل اسیسریز وکیروسین آئل کے نرخ بھی گھٹ گئے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ کے دوران افراط زر کی شرح جولائی میں 4.12فیصد، اگست میں 3.56 فیصد، ستمبر 3.88 فیصد،اکتوبر 21.4 اورنومبر میں 3.81 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔