دوسرے ٹی 20 میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرادیا

ویب ڈیسک  جمعـء 28 دسمبر 2012
192 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر181 رنز بنا سکی۔ فوٹو : فائل

192 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر181 رنز بنا سکی۔ فوٹو : فائل

احمد آباد: دوسرے ٹی 20 میں بھارت نے پاکستان کو 11 رنز سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی ، بہترین کارکردگی پر محمد حفیظ  کو “مین آف دی سیریز”  قرار دیا گیا۔ 

بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کربھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،بھارت نے مقررہ 20اورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر192 رنزبنائے۔ بھارت کی جانب سے یوراج سنگھ نے سب سے زیادہ 72 رنز بنائے جبکہ گوتم گھبیر نے 21،رہانے نے 28 ، ویرات کوہلی نے 27 اور کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 4 وکٹیں حاصل کیں ۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز نے بھی بھر پور انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 31 گیندوں پر بغیر کسی نقصان کے 50 رنز بنائے۔ 74 رنز کے مجموعی اسکور پر ناصر جمشید آؤٹ ہوئے، انہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ 84 رنز کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد 31 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد حفیظ اورعمر اکمل نے  تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے، 146 رنز کے مجموعی اسکور پر عمر اکمل ڈینڈا کا شکار بنے۔

عمر اکمل کے بعد شاہد آفریدی کپتان محمد حفیظ کا ساتھ نبھانے کریز پر آئے اسی دوران محمد حفیظ نے 23 گیندوں اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ 163 رنز پر پاکستان کو شاہد آفریدی کی صورت میں چوتھا نقصان برداشت کرنا پڑا انہوں نے 11 رنز بنائے۔ 168 رنز پر محمد حفیظ بھی پویلین لوٹ آئے انہوں نے 26 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے۔ 172 رنز پر کامران اکمل ڈینڈا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پر بھارتی کھلاڑی یووراج سنگھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 5 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ دوسرے میچ میں بھارت کی فتح کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔