رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلیے چنئی پر سیاہ بادل منڈلانے لگے

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 29 دسمبر 2012
اسٹیڈیم میں ساڑھے7ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ فوٹو: فائل

اسٹیڈیم میں ساڑھے7ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ فوٹو: فائل

چنئی:  پاک بھارت سیریزکے پہلے ون ڈے کیلیے چنئی میں انتہائی سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، دوسری جانب رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلیے چنئی پر سیاہ بادل منڈلانے لگے، محکمہ موسمیات نے اگلے تین دن تک تیز بارش کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق5 برس بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی سیریز کی حساسیت کودیکھتے ہوئے منتظمین کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں، ہر میچ میں پہلے سے بڑھ کر سیکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ اتوار کو چنئی میں ہونا ہے، میچ کے دوران ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں ساڑھے 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

2

اسٹیڈیم کے اردگرد نصب 214 کیمروں سے شائقین پر نظر رکھی جائے گی، ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی قیام گاہ، آمدورفت کے مقام، وینیو اور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کی ذمہ داری4الگ ٹیمیں سنبھالیں گی، وینیو کے قریب روڈز پر ٹریفک کا پلان بھی تبدیل ہوگا، داخلے سے قبل شائقین کو تلاشی کے عمل سے گذرنا پڑے گا۔

دوسری جانب شہر کا خراب موسم میچ کا انعقاد خطرے میں ڈال سکتا ہے، محکمہ موسمیات نے اگلے تین دن تک چنئی میں تیز بارش کی پیشگوئی کر دی۔ ادھر پاکستانی ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور دیگر 6کھلاڑی دو روز قبل ہی یہاں ڈیرے ڈال چکے، جمعے کو بھی ان تمام پلیئرز نے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم کے ساتھ واقع بی گرائونڈ میں نیٹ پریکٹس کی، ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے والے دیگر پلیئرز ہفتے کو چارٹرڈ فلائٹ سے انھیں جوائن کر لیں گے، جس کے بعد مشترکہ پریکٹس سیشن ہوگا، پہلے ون ڈے کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔