20 سال تک بیوی سے بات نہ کرنے والا جاپانی شوہر

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2017
شوہر نے گزشتہ 20 برس سے اپنی بیوی سے کوئی بات نہیں کی اور اس کے سوالات پر سر ہلاتا رہا۔

شوہر نے گزشتہ 20 برس سے اپنی بیوی سے کوئی بات نہیں کی اور اس کے سوالات پر سر ہلاتا رہا۔

ٹوکیو: تین بچوں کے باپ جاپانی شخص نے گزشتہ دو دہائیوں سے ایک ہی گھر میں رہنے کے باوجود اپنی بیوی سے آج تک ایک لفظ نہیں کہا لیکن اب ایک ٹی وی چینل کی مداخلت پر اس نے اپنی بیوی سے پہلی مرتبہ بات کی ہے۔ 

جاپان کا رہائشی اوکو کاٹایامہ نامی یہ شخص گزشتہ 20 برس سے اپنی بیوی سے کوئی بات نہیں کررہا تھا اور بیوی کے سوالات پر سر ہلاتا یا پھر ہاں اور ہوں کرتا ہے۔ اس غیرمعمولی صورتحال کا انکشاف اس کے 18 سالہ بیٹے نے ایک ٹی وی شو میں کیا اور جاپانی عوام سے کہا کہ وہ اس کے والدین کی گفتگو معمول پر لانے میں مدد کریں۔

اوکو کے بیٹے نے ٹی وی کو تحریر لکھی جس میں کہا کہ اس کے والد بہت جلد ریٹائر ہونے والے ہیں اور ڈر ہے کہ اس سے ان کے والدین کے تعلقات مزید متاثر ہوں گے اور معاملہ طلاق تک جاپہنچے گا۔ اوکو کی بیگم اور بچے خاندان میں اس تنازعے سے واقف ہیں لیکن کئی برس بعد بھی وہ اس کی وجہ جاننے سے قاصر ہیں۔

بیٹے کے خط کے بعد ٹی وی نے شہر کے عوامی پارک میں ان دونوں میاں بیوی کی ملاقات کرائی اور ان کے بچوں کے ساتھ دور بیٹھ کر دونوں میاں بیوی کی گفتگو سنی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ 20 سال بعد اوکو نے خاموشی توڑی اور بیگم سے کہا ’’آخر کتنا عرصہ ہوگیا کہ ہم نے کوئی بات نہیں کی، ہاں میں مذاق نہیں کررہا۔‘‘

یہ منظر دیکھ کر ان کے بچے آبدیدہ ہوگئے۔ اس کے بعد اس نے بہت عرصے تک خاموش رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’‘آپ کو بچوں کی غیرمعمولی فکر رہتی تھی اور مجھے اس سے حسد و جلن محسوس ہوتی تھی لیکن اب میں واپس نہیں پلٹوں گا۔‘‘

ماہرینِ نفسیات کے مطابق بچوں کی پیدائش کے بعد عورت کی توجہ اولاد کی تربیت پر ہوتی ہے لیکن کچھ شوہر اسے قبول نہیں کرپاتے جس سے گھریلو جھگڑے جنم لیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔