کراچی ہوٹل آتشزدگی؛ چالان میں حادثے کا ذمے دارہوٹل انتظامیہ قرار

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 جنوری 2017
ہوٹل میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص تھے،چالان کا متن فوٹو: فائل

ہوٹل میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص تھے،چالان کا متن فوٹو: فائل

 کراچی: پولیس نے گزشتہ ماہ نجی ہوٹل میں لگنے والی آگ اور اس کے نتیجے میں کئی افراد کی ہلاکت سے متعلق مقدمے کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے جس میں واقعے کی ذمہ داری ہوٹل انتظامیہ پرعائد کی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی جنوبی کی عدالت میں نجی ہوٹل میں آتشزدگی سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان پیش کردیا، جس میں حادثے کا ذمے دارہوٹل انتظامیہ کو قراردیتے ہوئے ہوٹل مالکان سمیت 5 افراد کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں حفاظتی انتظامات انتہائی ناقص اورہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ناکافی تھے، ہوٹل کے لیے منظورشدہ حفاظتی اورایمرجنسی پلان پرعمل نہیں کیا گیا، کچن کے اندرہیٹ سینسر موجود نہیں تھے، ہوٹل میں گیس سپلائی اور اے سی سسٹم کی سپلائی بند کرنے کا انتظام نہیں تھا، ہوٹل کا فائرالارم سسٹم بھی مکمل کام نہیں کررہا تھا، فائراسکواڈ اور سیکیورٹی ٹیم بھی موقع پر موجودنہیں تھی، اس کے علاوہ ہوٹل انتظامیہ نے حادثے کی بروقت اطلاع نہیں دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے ایک نامورنجی ہوٹل میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جب کہ بین الاقوامی کرکٹرزاورکئی غیر ملکیوں سمیت 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔