ہالی ووڈ اداکارہ پاکستانی مہندی کے ڈبے پر اپنی تصویر دیکھ کر حیران

ویب ڈیسک  پير 9 جنوری 2017
ایلیشیا سلوراسٹون پاکستانی مہندی کے پیکٹ پر اپنی تصویر دیکھ کر ششدر رہ گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

ایلیشیا سلوراسٹون پاکستانی مہندی کے پیکٹ پر اپنی تصویر دیکھ کر ششدر رہ گئی ہیں۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ایلیشیا سِلوراسٹون پاکستانی مہندی کے ایک ڈبے پر اپنی تصویر دیکھ کر حیران رہ گئی ہیں اور انہوں نے اپنے مداحوں سے پوچھا ہے کہ بظاہر یہ مضحکہ خیز لگتا ہے لیکن آخر اس پر کونسی زبان لکھی ہے؟

ایلیشیا نے ’افشاں براؤن مہندی‘ کے پیکٹ کی ایک تصویر 6 جنوری کو اپنے فیس بک پر شیئر کی۔  پیکٹ پر اردو میں لکھا ہے ” فوری تیز رنگ” جس پر وہ حیران رہ گئیں اور اپنے مداحوں سے اس زبان کے بارے میں پوچھا ہے۔

اس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے دلچسپ جوابات کا ایک تانتا بندھ گیا ۔ ایک نے بتایا کہ یہ مہندی ہے جو ہاتھوں اور پیروں پر لگائی جاتی ہے اور پاکستان اور بھارت میں عام استعمال ہوتی ہے۔ ایک اور مداح نے لکھا ہے  کہ 1990 کے عشرے میں لیونارڈو ڈی کیپریو اور کیٹ ونسلٹ کی تصاویر والے ہلدی کے پیکٹ فروخت کئے گئے تھے۔

پاکستانی مداحوں نے ایلیشیا کو بتایا کہ یہ اردو زبان ہے اور ایک مہندی کے پیکٹ کی عبارت ہے اور افشاں پاک وہند میں لڑکیوں کا نام ہوتا ہے۔ ایک مداح نے لکھا کہ آپ کو مہندی والوں سے رائلٹی کا تقاضہ کرنا چاہئے لیکن افسوس کہ مہندی کا پیکٹ زیادہ سے زیادہ 25 روپے کا ہوگا جو امریکی 25 پیسے کے برابر ہے۔ اب اس پر آپ کو کیا رائلٹی ملے گی؟

ایک اور پوسٹ میں ایلیشیا کو کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گھٹیا اور دونمبر اشیا پربھی ہالی وڈ اور بالی وڈ اداکاروں کی تصاویر عام استعمال کی جاتی ہیں۔ ایک اور نے لکھا کہ خود مہندی بنانے والوں کو بھی معلوم نہ ہوگا کہ خاتون ہالی ووڈ کی ایک معروف اداکارہ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔