اب خود بنائیں گاجر کا سوپ

شاہدہ ریحانہ  پير 9 جنوری 2017
اب خود بنائیں گاجر کا سوپ اور بوہری فرائیڈ فش اور دیگر ڈشز۔ فوٹو: فائل

اب خود بنائیں گاجر کا سوپ اور بوہری فرائیڈ فش اور دیگر ڈشز۔ فوٹو: فائل

گاجر کا سوپ

اجزا:

گاجر (ایک پیالی) کدوکش کرلیں
میٹھی مولی (آدھی پیالی) کدوکش کرلیں
نارنگی کا رس (ایک پیالی)
دار چینی (ایک انچ کا ٹکڑا)
ادرک (ایک انچ کا ٹکڑا)
چینی (ایک چائے کا چمچا)
نمک (حسب ذائقہ)
یخنی (ایک جگ)
کالی مرچ (حسب ذائقہ)
سرکہ (حسب ذائقہ)

ترکیب:

مولی اور گاجر کو دو منٹ کے لیے بھاپ میں پکالیں۔ اس کے بعد اس میں نارنگی کا رس، چینی اور کالی مرچ ڈال کر مزید دو منٹ پکالیں، یخنی میں نمک، دار چینی اور ادرک ڈال کر دو منٹ پکائیں، پھر اس میں مولی، گاجر والا آمیزہ شامل کردیں اور چولھا بند کر دیں،  سرکہ شامل کرکے لطف اندوز ہوں۔

لوکی، کدو اور ٹماٹر کا سوپ

اجزا:

لوکی (آدھی پیالی) کدو کش کرلیں
کدو (آدھی پیالی) کدو کش کرلیں
ٹماٹر (چار عدد)
پنیر (چار کھانے کے چمچے)  کدوکش کرلیں
مکھن (ایک چائے کا چمچا)
مارجرین (ایک چائے کا چمچا)
یخنی (چار گلاس)
پیاز (ایک عدد)  کتر لیں
لہسن (دو جوے)  باریک کتر لیں
تیز پات (ایک عدد)
پسی ہوئی کالی مرچ (آدھا چائے کا چمچا)
لونگ (چار  عدد)
کورن فلور (آدھی پیالی)

ترکیب:

ٹماٹر کا چھلکا اتارلیں، لوکی اور کدو کو ایک کپ پانی میں ابال لیں، پانی خشک ہو جائے، تو اس میں یخنی، پنیر، مکھن، مارجرین، پیاز، لہسن، تیز پات کالی مرچ، لونگ اور کورن فلور ڈال کر گاڑھا ہونے تک پکائیں، تیز پات نکالیں اور نوش فرمائیں۔

بوہری فرائیڈ فش

اجزا:

مچھلی ثابت (ایک کلو)
نمک (حسب ذائقہ)
پسی ہوئی ہری مرچ (دو کھانے کے چمچے)
پسا ہوا ہرا دھنیا (ایک چائے کا چمچا)
زیرہ (ایک چائے کا چمچا)
پسا ہوا خشک دھنیا (ایک چائے کا چمچا)
کھٹائی پاؤڈر (ایک چائے کا چمچا)
لیموں کا رس (ایک چائے کا چمچا)
پسا ہوا گرم مسالا (ایک چائے کا چمچا)
تیل (حسب ضرورت)

ترکیب:

مچھلی کو خوب اچھی طرح صاف کر کے دھوکر خشک کرلیں اور اس پر کٹ لگا دیں، تمام مسالے لیموں کے رس میں ملا کے خوب اچھی طرح مچھلی پر اوپر نیچے لگادیں اور تین چار گھنٹے کے لیے مچھلی فریج میں رکھ دیں اور ثابت ڈیپ فرائی کرلیں۔

مکس اچار

اجزا:

درمیانی مولی (دو عدد)
چھوٹی پیاز (آٹھ عدد)
کھیرا (چار عدد)
ککڑی (چار عدد)
ہری مرچ (دس عدد)
لہسن کے جوے (آدھی پیالی)
درمیانے شلجم (دو عدد)
گاجر (چار عدد)
رائی دانہ (ایک کھانے کا چمچا)
ثابت گول مرچ (آٹھ سے دس عدد)
ہلدی (ایک چائے کا چمچا)
سرکہ (حسب ضرورت)
نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:

مولی چھیل کر ایک انچ کے باریک ٹکڑے کرلیں۔ ایک برتن میں ایک گلاس پانی ابالیں (برتن نان اسٹک یا اسٹیل کا لیں) اس میں نمک اور رائی دانہ کوٹ کر ڈال دیں۔ ثابت گول مرچ اور مولی ڈال کر دو منٹ پکنے دیں۔ مولی گل جائے، تو چولھا بند کر دیں اور ٹھنڈا ہونے پر بوتل میں ڈال کر ایک چائے کا چمچا سرکہ ڈال دیں اور ڈھکنا مضبوطی سے بند کر کے روزانہ ایک ہفتے تک بوتل کو سارا دن دھوپ میں رکھیں اور رات کو اٹھالیں پھر استعمال کریں، لیکن دس  دن سے پہلے بوتل نہ کھولیں۔

پیاز چھوٹی والی چھیل لیں اور ثابت رہنے دیں۔ ایک برتن میں ایک گلاس پانی ابالیں، اس میں ثابت گول مرچ حسب پسند ڈال کر ساتھ کُٹا ہوا رائی دانہ ایک چائے کا چمچا ڈال کر ابالیں، پھر ثابت پیاز ڈال کر دو منٹ پکنے دیں۔ ٹھنڈا کر کے نمک اور سرکہ شامل کریں اور پانی سمیت بوتل میں بھرلیں۔

کچی پیاز، سرکہ، نمک، لال مرچ اور دھو کر خشک کر لیں۔ ایک گلاس پانی میں رائی دانہ نمک ڈال کر ابال لیں، پھر پانی ٹھنڈا ہونے سے قبل اس میں ہری مرچ چیرا لگاکر ڈال دیں اور پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں، ایک مرتبان میں ثابت کھیرے ڈال دیں اوپر سے رائی اور مرچوں والا پانی اور سرکہ ڈال کر مرتبان بند کر کے دس دن دھوپ میں رکھیں اور دس روز بعد استعمال کریں۔

ہری مرچ دھوکر خشک کرلیں اور چیرا لگا کر دھوپ میں چار چھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں، پانی میں رائی دانہ ابال کر ٹھنڈا کرلیں۔ ایک کھلے منہ کی بوتل یا مرتبان میں مرچیں ڈالیں اور اوپر سے سرکہ اور رائی دانہ کا پانی ڈال کر مرتبان بند کر دیں اور اسی طرح دھوپ میں رکھ کر استعمال کریں۔ سرکہ اجزا کی مقدار کے مطابق ڈالیں۔ اسی طرح سے شلجم، لہسن (ثابت) گاجر، ککڑی  وغیرہ کا اچار بنایا جا سکتا ہے (سخت سبزیوں کو گلالیں) کھیرا، ککڑی اور لہسن میں ہلدی ملائیں، سبزیوں کے ایک انچ کے باریک ٹکڑے کریں، لہسن کھیرا اور پیاز کو ثابت رہنے دیں، کیری کو چھیل کر ابال لیں، اچار میں اتنا پانی رہنے دیں کہ تمام اشیا اس میں ڈوبی رہیں سرکہ اپنی کھٹاس کی پسند کے مطابق شامل کریں۔ لہسن اور پیاز کے اچار میں نمک تب ڈالیں جب آپ ان کو کھولیں۔ سرکہ اچار کو خراب ہونے سے روکتا ہے۔ سرکہ اتنا ہی ڈالیں جتنی کھٹاس پسند ہو۔ اچار ٹھنڈا کرکے بوتل میں ڈالیں (دھوپ کا خیال رکھیں) تیز دھوپ میں اس طرح رکھے کہ دھوپ براہ راست پڑے۔ کم از کم دس دن دھوپ میں رکھیں۔ رات کو یا دھوپ کم ہوتے ہی فوراً اٹھالیں۔ مزے دار اچار تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔