آج بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے، رضا ربانی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 30 دسمبر 2012
 سینئر صحافی مجاہد بریلوی کی کتاب’’ بلوچستان مسئلہ کیا ہے‘‘ کی آرٹس کونسل میں تعارفی تقریب کے موقع پر میزبان کے ہمراہ مہمان رضا ربانی،لشکر رئیسانی، طاہر بزنجو، میر حاصل بزنجو، حیدر عباس رضوی، صادق عمرانی، پروفیسر اعجاز فاروقی اورمحمود احمد خان رونمائی کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سینئر صحافی مجاہد بریلوی کی کتاب’’ بلوچستان مسئلہ کیا ہے‘‘ کی آرٹس کونسل میں تعارفی تقریب کے موقع پر میزبان کے ہمراہ مہمان رضا ربانی،لشکر رئیسانی، طاہر بزنجو، میر حاصل بزنجو، حیدر عباس رضوی، صادق عمرانی، پروفیسر اعجاز فاروقی اورمحمود احمد خان رونمائی کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام مظلوم ہیں ان کے لیے 60سالوں میں سنجیدگی سے سوچا نہیں گیا ،نتیجہ یہ ہے کہ آج بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آرٹس کونسل میں صحافی مجاہد بریلوی کی کتاب ’بلوچستان مسئلہ کیا ہے‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انکا کہنا تھا کہ اب جو ملک کے حالات ہیں اس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ صرف آج محرومی بلوچستان کی عوام میں ہی نہیں ہے اس نے سندھ کا بھی رخ کرلیا ہے ، اس موقع پر متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ بلوچستان کو جتنی عزت ملنی چاہیے تھی اور جتنا انکا حق تھا وہ نہیں ملی جس کی وجہ سے پہلے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوئی مگر اب حکمرانوں کی احساس لاتعلقی کی وجہ سے وہاں کی عوام باغی ہوچکی ہے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے اگر اس مسئلے کو روایتی فیصلوں سے حل کرنے کی کوشش کی تو مزید الجھائو بڑھے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما لشکری رئیسانی نے کہا کہ پاکستان روز اول سے سامراج کا تحفظ کررہا ہے اور عوام کے ساتھ زیادتیاں کررہا ہے ،روز اول سے آج تک نااہل  حکمران اس ملک میں قابض رہے ہیں  اور انھوں نے عوام کی معاشی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں لی، نیشنل پارٹی کے رہنما میر حاصل بزنجو نے کہا کہ مجاہد بریلوی نے 28سال قبل اپنے کالم میں یہ تمام مسائل لکھے تھے جو آج سامنے ہیں مگر افسوس ان کا حل نہیں نکل سکا، بلوچستان کئی حوالوں سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے ،ہمیں اس کے بارے میں اب سوچنا ہوگا۔

01

قوم پرست رہنما میر طاہر بزنجو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام سیاسی جھگڑوں کی نذر ہوگئے ہیں  اگر حکمران مجاہد کی کتاب ایک بار پڑھ لیتے تو انھیں مسئلے کا حل ضرور مل جاتا ،مجاہد بریلوی کا شمار ملک کے ان چند قلمکاروں میں ہوتا ہے کہ جو سچائی سے مسائل کو لکھتے ہیں ،پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری نے کہا کہ اس ملک کے حقیقی حکمرانوں کو عوام کے مسائل کی کبھی فکر نہیں رہی ،اب یہ تماشا ختم ہوجانا چاہیے ورنہ عوام ایوانوں سے  اپنے پیسوں پر پلنے والے حکمرانوں کو گریبان پکڑ کر نکالے گی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجاہد بریلوی نے کہا کہ جو باتیں آج اس محفل میں ہوئیں ان پر سچائی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے، میں سمجھتا ہوں اگر مل کر اس مسئلے کا حل نکالا جائے تو اس کو جلد حل کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔