سرگودھا میں 85 سالہ شخص نے 70 برس پرانی محبت کو پالیا

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2017
غلام فرین اور رانی بی بی کی شادی پر پورا علاقہ بہت خوش ہے: فوٹو:ایکسپریس

غلام فرین اور رانی بی بی کی شادی پر پورا علاقہ بہت خوش ہے: فوٹو:ایکسپریس

سرگودھا: دل ہونا چاہیے جوان عمروں میں کیا رکھا ہے اب سرگودھا کے غلام فرید کو ہی لے لیں جسے 85 سال کی عمرمیں اپنی پہلی محبت یعنی رانی بی بی سے شادی کا موقع ملا تو ہاتھ سے جانے نہ دیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق 7 دہائیاں قبل غلام فرید جھاوریاں کی رہائشی رانی بی بی کو بچپن ہی میں کھیل کود کے دوران نہ جانے کب دل دے بیٹھا، جوانی کی حدود میں داخل ہوئے توغلام فرید نے رشتہ کے لیے والدین کو بھجوایا لیکن ظالم سماج کی وجہ سے دونوں کی شادی نہ ہو سکی لیکن وقت نے پلٹا کھایا اور8 سال قبل غلام فرید کی بیوی وفات پا گئی جبکہ ایک سال قبل رانی بی بی کا خاوند بھی فوت ہوگیا تو دونوں کے بچوں نے برسوں پرانی محبت کو دوبارہ ملانے کا ارادہ کیا اورکامیاب بھی ہوگئے۔

7 دہائیوں کے بعد ہی سہی دو محبت کرنے والے دل مل گئے، غلام فرید اوررانی بی بی کی شادی پرپورا علاقہ خوش ہے اور اس پریمی جوڑے کے لیے دعا گوہے جب کہ بچوں اورپوتے پوتیوں کے ساتھ ساتھ علاقے کے بڑے بوڑھے بھی خاصے خوش ہیں۔

دلہن رانی بی بی کا کہنا تھا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی ہے جب کہ دولہا غلام فرید نے بھی خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ محبت کے لیے بہت دکھ اٹھا یا ہے لیکن اب خوش ہوں۔ غلام فرید کی پوتی صائمہ کا کہنا تھا کہ ہم جب رشتہ لے کرگئے تو دادی نہ مانی تو ہمیں بہت برا لگا پھرجب ہم دوبارہ رشتہ لے کرگئے تو دادی مان گئیں تھیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔