صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا گورنر سندھ کے انتقال پر اظہار افسوس

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2017
سعید الزماں صدیقی کی غیر جمہوری عناصر کے خلاف مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

سعید الزماں صدیقی کی غیر جمہوری عناصر کے خلاف مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعید الزماں صدیقی تمام عمر اصولوں پر کاربند رہے، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قانون وانصاف کے لیے سعید الزماں صدیقی کی گراں قدرخدمات ہیں، انہوں نے انصاف کے لیے اپنے اصولوں پرکبھی سودا نہیں کیا، وہ ایک سچےاور ایماندار انسان تھے، غیر جمہوری عناصر کے خلاف ان کی مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، سعید الزماں صدیقی کی عدلیہ کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں مقام کی دعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے جب کہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعید الزماں صدیقی کے انتقال سے پاکستان محب وطن شخصیت سے محروم ہو گیا، مرحوم کی ملک و قوم کے لیے خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔

چیرمین سینیٹ رضا ربانی،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، گورنر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان،  سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد، سابق صدر آصف زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گورنر سندھ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔