روس ممکنہ طور پر ہیکنگ میں ملوث ہوسکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2017
روس سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور اگر روسی صدر مجھے پسند کرتے ہیں تو یہ فائدہ مند ہے، نومنتخب امریکی صدر۔ فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

روس سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور اگر روسی صدر مجھے پسند کرتے ہیں تو یہ فائدہ مند ہے، نومنتخب امریکی صدر۔ فوٹو: بشکریہ ڈیلی میل

نیویارک: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس ممکنہ طور پر صدارتی انتخابات کے دوران ہیکنگ میں ملوث ہوسکتا ہے تاہم میری روس کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔

نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخابات کے دوران ممکن ہے کہ ہیکنگ میں روس کا ہاتھ ہو لیکن یہ بات تسلیم کرنا ہوگی کہ امریکا کے کسی بھی ادارے، تنظیم اور شہری کا اکاؤنٹ محفوظ نہیں، صرف چین نے اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ اکاؤنٹس ہیک کئے لیکن اس بات کو ماننا ہوگا کہ روس امریکا کا احترام کرتا ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ ان کی روس کے ساتھ کوئی ڈیل ہوچکی ہے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ اگر روسی صدر ولادی میر پیوتن انہیں پسند کرتے ہیں تو فائدہ مند ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس کے پاس ان کی طوائفوں کے ساتھ غیراخلاقی ویڈیوز کی موجودگی جیسی جعلی رپورٹس بے بنیاد ہیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والے میڈیا ہاؤسز کے خلاف کارروائی ہوگی جب کہ ان میڈیا ہاؤسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس قسم کا بے بنیاد مواد شائع یا نشر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے ہم پر کیچڑ اچھالنے کے لئے بھونڈی حرکتیں کی جارہی ہیں اور اس قسم کی خبریں جھوٹی ہیں جب کہ اس موقع پر صحافی نے ٹرمپ سے سوال کرنا چاہا تو انہوں نے اسے جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ تم لوگ جھوٹی خبریں دیتے ہو اس حوالے سے میں کسی سوال کا کوئی جواب نہیں دوں گا۔

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کاروباری معاملات سے الگ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کاروباری معاملات میرے بیٹے دیکیھں گے اور وہ ملک کے امور سرانجام دینے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔ انہوں نے اوباما ہیلتھ کیئر پروگرام بھی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے متبادل بہتر اور کم خرچ پروگرام دیں گے کیوں کہ اوباما ہیلتھ پروگرام مکمل تباہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔