محکمہ موسمیات کی کراچی میں ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جنوری 2017
کراچی میں کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔  فوٹو : فائل

کراچی میں کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے جب کہ کراچی میں کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک فعال سلسلہ جمعہ کے روز بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے بلوچستان میں جمعہ سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مزید ایک ماہ موسم سرد رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں چند مقامات پر کل اور پرسوں بارش کا امکان ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی پنجاب میں بھی اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جب کہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر مزید چند روز جاری رہے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔