ون ڈے سیریز؛ گرین شرٹس نئے عزم کے ساتھ جمعہ کو میدان میں اتریں گے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 12 جنوری 2017
قومی ٹیم گزشتہ شکستوں کو بھلا کر نئے فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہے۔ فوٹو : فائل

قومی ٹیم گزشتہ شکستوں کو بھلا کر نئے فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہے۔ فوٹو : فائل

برسبین: پاکستان کرکٹ ٹیم جمعہ کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹیم نے آج برسبین میں بھرپور پریکٹس کی، جسمانی ورزشوں کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سیشنز ہوئے جبکہ کیچز کی خامی پر قابو پانے کیلئے بھی پریکٹس کروائی گئی، محمد رضوان گلوز پہنے وکٹوں کے پیچھے چوکس نظر آئے۔ قومی ٹیم گزشتہ شکستوں کو بھلا کر نئے فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہے۔
پاکستان ٹیم محمد عرفان اور سرفراز احمد کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے، محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، عمر اکمل 2 سال بعد دوبارہ کھیل رہے ہیںِ اور انہوں نے ٹور میچ میں برق رفتار ففٹی سے اپنی فارم ثابت کر دی ہے۔ پاکستان کے ممکنہ اسکواڈ میں اظہر علی (کپتان)، شرجیل خان، محمد حفیظ، بابر اعظم، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم/محمد نواز، محمد عامر/جنید خان، وہاب ریاض اور حسن علی شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم میں نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں، طویل قامت فاسٹ بولر بلی اسٹین لیک اور مڈل آرڈر بیٹسمین کرس لین ڈیبیو کریں گے، آرون فنچ کے ڈراپ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹریوس ہیڈ کی رفاقت میسر ہو گی۔ کینگروز اسکواڈ ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، سٹیون سمتھ، کرس لین، مچل مارش، گلین میکسویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، مچل سٹارک اور بلی سٹین لیک پر مشتمل ہے۔ گابا پر پہلے ون ڈے میچ میں بڑا سکور ہونے کی توقع ہے، گراؤنڈ میں کھیلے گئے آخری دو میچز میں 300 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کینگروز کیخلاف ان کی سرزمین پر گزشتہ 15 میچز میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی، گرین شرٹس نے آخری دفعہ 2005 میں میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں 8 ویں پوزیشن پر موجود ہے اور ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے کا چیلنج درپیش ہے اور اگلے 9 ماہ میں ہر فتح ٹیم کیلئے اہمیت کی حامل ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔