وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی درخواست پر وزیراعظم نے کھاد پر سبسڈی بحال کردی

نمائندہ ایکسپریس / اے پی پی  ہفتہ 14 جنوری 2017
بیان بازی کرنیوالوں کی حکومت رہتی توآخری نوالہ بھی چھن چکا ہوتا، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

بیان بازی کرنیوالوں کی حکومت رہتی توآخری نوالہ بھی چھن چکا ہوتا، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

 لاہور /  اسلام آباد:  وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیراعظم سے کھادپر دی جانے والی سبسڈی بحال کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعظم نوازشریف نے کھاد پر سبسڈی برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کاشتکار پاکستان کی معیشت میں انتہائی اہم کردارادا کررہے ہیں۔

جمعے کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ زراعت ملکی معیشت میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور جی ڈی پی گروتھ میں اضافہ کیلیے شاندار فصلوں کے حصول کیلیے کاشتکاروں کو سہولیات  دی جانی چاہئیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کھاد پر سبسڈی جاری رکھی جائے تاکہ کاشتکار برادری کو اس کا فائدہ ملے اور بڑی فصلوں کے اہداف کاحصول پورا ہوسکے۔

واضح رہے کھاد پر سبسڈی کیلیے مختص 28 ارب روپے خرچ ہونے پر وزارت قومی تحفظ خوراک وتحقیق اور فنانس ڈویژن نے مزید سبسڈی ختم کردی تھی۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم سے کھادپر دی جانے والی سبسڈی بحال کرنے کی درخواست کی جس پر وزیراعظم نے کہاکہ کاشتکاروں کا مفاد اور بہبود مجھے دل و جان سے عزیز ہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ برسوں کے دوران زراعت کی بہتری اور کسانوں کی بہبود کیلیے جو اقدامات کیے ہیں ان کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔انھوں نے کہاکہ اگرآج کسانوں کیلیے بیان بازی کرنے والوں کی حکومت جاری رہتی تو کاشتکاروں کے منہ سے ان کاآخری نوالہ بھی چھن چکا ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔