آسٹریلین اوپن پیرسے شروع ہوگا، ٹاپ سیڈز کیربر اور اینڈی مرے ایکشن میں دکھائی دیں گے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2017
ابتدائی دن ٹاپ سیڈ اینڈی مرے کا مقابلہ ایلیا مارچینکو سے ہوگا ۔ فوٹو فائل

ابتدائی دن ٹاپ سیڈ اینڈی مرے کا مقابلہ ایلیا مارچینکو سے ہوگا ۔ فوٹو فائل

میلبورن: سیزن کا پہلا گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن پیر سے شروع ہورہا ہے جب کہ ٹاپ سیڈز کیربر اور اینڈی مرے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ابتدائی دن ٹاپ سیڈ اینڈی مرے کا مقابلہ ایلیا مارچینکو سے ہوگا، ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اینجلیک کیربر یوکرین کی لیزا ٹی سورنیکو کیخلاف میدان سنبھالیں گی، دیگر میچز میں فورتھ سیڈ سیمونا ہالیپ کو دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنانے کیلیے امریکی حریف شیلبی روجرز کا چیلنج درپیش ہوگا، وینس ولیمز یوکرین پلیئر کیٹرینا کوزولوا کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیں گی، گاربین مگروزا کو نیوزی لینڈ کی مارینا ایراکووک کا سامنا رہے گا، روبریٹا ونسی کو آگے بڑھنے کیلیے کوکو وینڈی ویگ کو زیر کرنا ہوگا، جینی بوچارڈ امریکی حریف لوئیسا چیراشو کیخلاف میدان سنبھالیں گے، ایشلیگ بارٹی اور اینیکا بیک بھی آمنے سامنے آئیں گی۔

سویٹلانا کزنٹسووا کا کولمبیا کی مارینا ڈیوک مارینو کا چیلنج درپیش ہوگا، مونا بارتھیل کو آسٹریلوی کھلاڑی ڈیسٹینی ایویا سے ٹکرانا ہوگا، کارلا سواریز نیوارو سلواکیہ کی جینا سیپالووا سے نبرد آزما ہوں گی۔ مینز سنگلز میں 17 بار کے گرینڈ سلم فاتح راجرفیڈرر کی پہلی آزمائش آسٹریا کے جرگن میلزر سے میچ میں ہوگی، آسٹریلوی اسٹار برنارڈ ٹومک برازیلین حریف تھامس بیلوسی سے ٹکرائیں گے، فورتھ سیڈ اسٹینسلس واورنیکا کا مقابلہ مارٹن کلزان سے ہوگا،5 سیڈ کائی نیشکوری روسی کھلاڑی آندرے کوزینٹسوف کا امتحان لیں گے،دوسرے میزبان اسٹار نک کریگوئس کو پیراگوئے کے گیسٹاؤ ایلس کا سامنا رہے گا، ٹوماس بریڈیچ اطالوی پلیئر لوکا وینی سے ٹکرائیں گے، مارن کلک کو جیرزی جینووچ سے مقابلہ کرنا ہے، جوئے ولفریڈ سونگا کو برازیل کے تھیاگو مونٹیریو کا سامنا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔