امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں مسجد کو آگ لگادی گئی

ویب ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2017
آگ کی وجہ سے مسجد کا ایک حصہ بری طرح جل کر تباہ ہوگیا۔ فوٹو: سیاٹل ٹائمز

آگ کی وجہ سے مسجد کا ایک حصہ بری طرح جل کر تباہ ہوگیا۔ فوٹو: سیاٹل ٹائمز

واشنگٹن: سیاٹل میں واقع ایسٹ سائیڈ اسلامی مرکز کے احاطے میں واقع مسجد کو جنونی شخص نے نذرِ آتش کردیا جس سے مسجد کا ایک حصہ بری طرح جل کر تباہ ہوگیا۔

واشنگٹن کے نواحی علاقے بیلی ویو کے مشہور اسلامی مرکز میں یہ واقعہ پیش آیا، 37 سالہ  آئزک وائن ولسن نامی شخص نے رات کے کسی پہر مسجد میں داخل ہوکر اسے آگ لگائی جب کہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مسجد کو آگ لگائی،فائربریگیڈ کا عملہ جب وہاں پہنچا توآگ نے  پوری طرح مسجد کواپنی لپیٹ نے لیا تھا جس کی وجہ سے اس کا ایک حصہ جل کر تباہ ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  آگ لگانے کے بعد مذکورہ شخص مسجد سے ملحق میدان میں بیٹھا رہا اور اسے اب سیاٹل میں کنگ کاؤنٹی کے ایک اصلاحی مرکز بھیج دیا گیا ہے۔  پولیس کے مطابق گرفتارشخص نے مسجد کو آگ لگانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی لہٰذا اس پر املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم نفرت پر مبنی جرم کی دفعہ نہیں لگائی گئی۔

دوسری جانب پراسیکیوٹر مائیک ہوگن کا کہنا ہے کہ مذکورہ  شخص کو اس سے قبل بھی مسجد کے معاملات میں مداخلت پر گرفتارکیا جاچکا ہے۔

واقعے کے بعد امریکی اسلامی تعلقات کی کونسل نے اپنے فیس بک پیج پر کہا کہ ہمیں کسی نتیجے پر پہنچنے کی جلد بازی کے بجائے پولیس کو تحقیقات کرنے دینی چاہیے جب کہ مسجد کو غیرمعینہ مدت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔