طالبان کے آگے نہ جھکاجائے،دفاعی تجزیہ کار

ملک منظور احمد  پير 31 دسمبر 2012
مذاکرات مسئلے کاحل ہے،امریکابھی یہی کر رہا ہے، ماہر امورخارجہ کی ایکسپریس سے گفتگو. فوٹو: فائل

مذاکرات مسئلے کاحل ہے،امریکابھی یہی کر رہا ہے، ماہر امورخارجہ کی ایکسپریس سے گفتگو. فوٹو: فائل

اسلام آباد: معروف دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود نے کہا ہے کہ طالبان کی حکومت پاکستان سے مذاکرات کی شرائط انتہائی خطرناک ہیں۔

یہ مذاکرات کبھی نتیجہ خیز اور کامیاب نہیں ہو سکتے، پاکستان کو طالبان کے سامنے ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکنا چاہئیں، وہ متوازی انتظامیہ چلارہے ہیں، فوج اور حکومت کو ریاست بچانے کیلیے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں۔ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ طالبان کی شرائط کسی صورت قابل قبول نہیں۔ طالبان ہماری سیکیورٹی فورسز اور تنصیبات کو نشانہ بنارہے ہیں اور حکومتی رٹ چیلنج کررکھی ہے۔ حکومت کو انکا مقابلہ کرنے کیلیے واضح پالیسی اپنانا چاہیے۔

06

انھوں نے کہا کہ طالبان پریس کانفرنس اور بیانات جاری کر رہے ہیں۔ ایک طرف قتل وغارت اوردوسری طرف مشروط مذاکرات کی پیشکش ناقابل فہم ہے۔ سابق سفیر اور امور خارجہ کے ماہر بی اے ملک نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ پاکستان کو طالبان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرنی چاہیے۔ مسائل مذاکرات سے حل ہوتے ہیں، جنگ سے نہیں۔ یہ درست ہے کہ طالبان جمہوریت اور آئین کو نہیں مانتے۔ انکی شرائط قابل قبول نہیں ہوسکتیں تاہم مذاکرات سے راہ فرار نہیں اختیار کرنا چاہیے۔ امریکا طالبان سے مذاکرات کررہا ہے، پاکستان کو بھی کرنے چاہئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔