اے بی ڈی ویلیئرزاورکرکٹ جنوبی افریقہ میں ٹھن گئی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2017
کیویزسے ٹیسٹ نہیں کھیلوں گا(بیٹسمین)خودانتخاب کی اجازت نہیں دے سکتے، بورڈ ۔  فوٹو : فائل

کیویزسے ٹیسٹ نہیں کھیلوں گا(بیٹسمین)خودانتخاب کی اجازت نہیں دے سکتے، بورڈ ۔ فوٹو : فائل

جوہانس برگ:  ابراہم ڈی ویلیئرز اور کرکٹ جنوبی افریقہ میں ٹھن گئی، ون ڈے کپتان نے ورلڈ کپ 2019 کے مدنظر مسلسل کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔

سی ایس اے کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ نے کہا کہ ڈی ویلیئرز کو خود میچز کے انتخاب کی اجازت نہیں دے سکتے، کس میچ میں کھیلنا اور کس میں نہیں یہ فیصلہ سلیکٹرز کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کہنی کی انجری سے نجات کے بعد ابراہم ڈی ویلیئرز ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے تیار ہیں، وہ  25 جنوری کوسری لنکا کے خلاف سیریز کا تیسرا ٹوئنٹی 20 میچ کھیلیں گے،اس کے بعد پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں پروٹیز کی قیادت کریں گے۔ اسی سیریز کی لانچنگ تقریب کے دوران ڈی ویلیئرز نے واضح کیا کہ وہ جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ 2019 میں فتح دلانا چاہتے ہیں، اس مقصد کے حصول کیلیے ممکن نہیں کہ وہ مسلسل تمام فارمیٹس میں کھیلتے رہیں، اس لیے وہ مارچ میںنیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

33 برس کی عمر کو پہنچنے والے ڈی ویلیئرز نے واضح کیا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہورہے مگر مسلسل طویل فارمیٹ کے مقابلوں میں حصہ بھی نہیں لے سکتے، اسی لیے نیوزی لینڈ میں محدود اوورز کے میچزکھیل کر واپس لوٹ آئیں گے۔ دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگاٹ نے کہاکہ ہم نے ڈی ویلیئرز سے صرف یہ بات کی تھی کہ کھیل میں کب واپسی ہوگی؟کب وہ کھیلنا شروع کریں گے، ہم انھیں اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ جس سیریز میں چاہیں کھیلیں اور جس سے چاہیں دستبردار ہوجائیں، ان پر واضح کردیا گیاکہ فٹ ہونے کے بعد انھیں مسلسل کھیلنا ہوگا، انھیں آرام دینے کے حوالے سے فیصلہ کرنا سلیکٹرز کا اختیار ہے، ہمیں امیدہے کہ وہ موسم گرما میں انگلینڈ سے چار ٹیسٹ کی سیریز کیلیے دستیاب ہوںگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔