عراق اورافغانستان پر قبضہ بد ترین فیصلہ تھا، ٹرمپ

خبر ایجنسیاں  بدھ 18 جنوری 2017
شام میں روس کے باعث انسانی بحران پیدا ہوگیا، برطانوی جریدے کو انٹرویو:فوٹو: فائل

شام میں روس کے باعث انسانی بحران پیدا ہوگیا، برطانوی جریدے کو انٹرویو:فوٹو: فائل

واشنگٹن:  امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق اور افغانستان پر امریکی قبضے کو بدترین غلطی قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی جریدے دی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں مداخلت امریکا کی تاریخ کا بدترین فیصلہ تھا۔ انھوں نے شام میں دہشت گردی کیخلاف روسی اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کی اوردعوی کیا کہ شام میں روسی اقدامات کے نتیجے میں انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ٹرمپ نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کی بات بھی کہہ ڈالی تاہم کہا کہ خلیج فارس کے دولت مند ساحلی ملکوں کو محفوظ علاقوں کے قیام کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔ ادھر اخبار بوسٹن ہیرلڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھانے کے بعد ایشیا سے متعلق پالیسیوں میں تبدیلیوں کااشارہ دیا ہے تاہم وہ شمالی کوریا، بھارت اور پاکستان سے متعلق پالیسی میں کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان متوازن پالیسی کی جانب قدم بڑھایا ہے۔

ایک حالیہ سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ امریکی تاریخ کے سب سے غیرمقبول نومنتخب صدر بن گئے ہیں۔ سی این این اور او آر سی کے مشترکہ سروے کے مطابق حلف اٹھانے سے پہلے کے عبوری دور میں ٹرمپ نے جس طرح معاملات کو سنبھالا ہے، صرف 40فیصد امریکی شہریوں نے اس کی حمایت کی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی کے سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 4 دہائیوں میں اوول آفس میں جانے والے غیرمقبول ترین نومنتخب صدر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔