برطانیہ میں کاسمیٹک مصنوعات بنانے والی کمپنیوں پر جرمانہ

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2017
گزشتہ کئی برسوں میں طبی مطالعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ کاسمیٹک مصنوعات میں صحت کو نقصان پہنچانے اور کینسر تک کی وجہ بننے والے کیمیکلز شامل ہوتے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

گزشتہ کئی برسوں میں طبی مطالعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ کاسمیٹک مصنوعات میں صحت کو نقصان پہنچانے اور کینسر تک کی وجہ بننے والے کیمیکلز شامل ہوتے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

لندن: برطانوی دارالحکومت میں 15 کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف مضر صحت کریمیں بیچنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ان کمپنیوں پرایک لاکھ 68 ہزار 579 پاؤنڈ کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں ایسے برانڈز کی رنگ گورا کرنے والی کریمیں بیچتی تھیں جن میں پاکستان کی مشہور کمپنیوں کی کریمیں اور صابن بھی شامل ہیں۔

ان کریموں میں کینسر کا سبب بننے والے مضر صحت کیمیکلز پائے گئے ہیں۔ لندن میں کئی دکانداروں کو بھاری جرمانوں کے علاوہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ان دکانوں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ مضر صحت کریمیں اور صابن فروخت کئے تو انہیں ایک سال تک جیل کی سزا بھی کاٹنی پڑسکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کئے گئے طبی مطالعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ رنگ گورا کرنے اور جلد کو شاداب رکھنے والی بیشتر کریموں اور کاسمیٹک مصنوعات میں صحت کو نقصان پہنچانے اور کینسر تک کی وجہ بننے والے کیمیکلز شامل ہوتے ہیں۔ اسی بناء پر طبی ماہرین ایسی مصنوعات پر پابندی کا مطالبہ بھی کرتے آرہے ہیں۔ اس تناظر میں یہ پہلا موقعہ ہے جب لندن میں کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔