شکار پور میں 6 ماہ کی بچی کی 2 سالہ بچے سے شادی کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2017
8 سالہ بچی سلیمہ کی شادی 12 سالہ اللہ وسایو سے بھی کرانے کی کوشش کی جارہی تھی،پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

8 سالہ بچی سلیمہ کی شادی 12 سالہ اللہ وسایو سے بھی کرانے کی کوشش کی جارہی تھی،پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

شکارپور: دور جدید  میں بھی وطن عزیز ایسے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جو زمانہ جہالت کی یاد تازہ کردیتے ہیں اور ایسا ہی ایک واقعہ رونما ہوا شکار پور میں جہاں شیر خوار بچی کی  کمسن بچے سے شادی کی کوشش کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے شکارپور کے علاقے خانپور کے گاؤں قمر دین کے  گھر پر چھاپہ مار کر کم عمر بچوں کی وٹہ سٹہ کی شادی کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق 8 سالہ بچی سلیمہ کی شادی 12 سالہ اللہ وسایو سے ہو رہی تھی جس کے بدلے میں 2 سالہ بچے عبداللہ کا نکاح 6 ماہ کی دعا سے کیا جا رہا تھا کہ اس دوران پولیس نے کارروائی کرکے  بچوں کے والدین اور نکاح کرانے والے مولوی کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کم عمری میں شادی

کم عمر بچوں کی شادی کرنے والے والدین اور بچوں کو ویمن پولیس کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ 6 ماہ کی دعا اور 2 سالہ عبداللہ کو والدہ کے پاس ہی رکھا گیا ہے۔

ایس ایس پی شکار پورعمر طفیل نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ ایک گھر میں وٹہ سٹہ کی شادی کی اطلاع ملی تو ہم نے چھاپہ مار کر اس شادی کو ناکام بنایا، شکار پور میں اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں، یہاں کی برادریاں چھوٹی عمر میں بچوں کی شادیاں کر دیتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔