شاہ رخ اور ماہرہ کی’’رئیس‘‘ کو بھارت میں نمائش کا پروانہ مل گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 19 جنوری 2017
 بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کے 6 ڈائیلاگ پر اعتراض کرتے ہوئے فلم سے ہٹانےکی ہدایت کردی ہے۔ فوٹو؛ فلم پوسٹر

بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کے 6 ڈائیلاگ پر اعتراض کرتے ہوئے فلم سے ہٹانےکی ہدایت کردی ہے۔ فوٹو؛ فلم پوسٹر

ممبئی: بھارتی سنسر بورڈ نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان  اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان  کی فلم ’’رئیس‘‘ کو 6  ڈائیلاگ کے کٹ کے ساتھ نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی موجودگی میں فلم کی نمائش پر پابندی لگنے کے امکانات روشن تھے لیکن  گزشتہ دنوں کنگ خان کی  ہندو انتہا پسند جماعت کے رہنما راج ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد فلم کی نمائش کے خلاف محاذ ختم کردیئے گئے تھے جس کے بعد اب فلم کو باقاعدہ طور پر نمائش کا پروانہ بھی مل گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سنسربورڈ نے شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ کو ’’ یو اے‘‘ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے لیکن فلم کے 6 ڈائیلاگ پر اعتراض کرتے ہوئے اسے فلم سے ہٹانے  کی ہدایت کردی ہے  جس کے بعد فلم کا دورانیہ 2 گھنٹے 20 منٹ رہ گیا ہے جب کہ فلم  رواں ماہ 25 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فلم ’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان، نواز الدین صدیقی اور ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔