اقوام متحدہ پاک بھارت رضامندی سے ثالث بننے کو تیار

عامر خان  ہفتہ 21 جنوری 2017
مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلیے بھرپور سفارتی ’’اثر رسوخ‘‘اور ’’رابطے ‘‘استعمال کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلیے بھرپور سفارتی ’’اثر رسوخ‘‘اور ’’رابطے ‘‘استعمال کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے ’’ثالث‘‘  کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ نے دونوں حکومتوں کو پیغام دیا ہے کہ اگر دونوں ممالک رضامند ہیں تو اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اور تمام تصفیہ طلب امور کو مذاکرات سے حل کرانے کیلیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے جبکہ وفاقی حکومت کے اہم ترین ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انتونیوگوئٹرس سے ملاقات انتہائی کامیاب رہی ہے۔ اس ملاقات میں وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کو مقبوصہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بھارت کی  جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف وزریوں سے بھی اقوام متحدہ کو آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے پاکستان کو عندیہ دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلیے بھرپور سفارتی ’’اثر رسوخ‘‘اور ’’رابطے ‘‘استعمال کیے جائیں گے جبکہ اقوام متحدہ، امریکا اور دیگراہم عالمی ممالک کے جانب سے پاکستان کے بھارت کے حوالے سے موقف کی تائید کی جاچکی ہے اور مودی حکومت کو ان دنوں سفارتی سطح پر سخت ناکامی کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔