جعلی ڈی ایس پی گرفتار، 100 جعلی تقررنامے اور دستاویزات برآمد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 21 جنوری 2017
عبدالرشید شیخ سے اس کی جعلی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی ملا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

عبدالرشید شیخ سے اس کی جعلی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی ملا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی:  شارع فیصل انویسٹی گیشن پولیس نے گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب چھاپہ مار کر جعلی ڈی ایس پی عبد الرشید شیخ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے مختلف سرکاری محکموں کے جعلی تقررنامے، سروس بکس، میٹرک بورڈ آفس کے جعلی سرٹیفکیٹ اور دستاویزات برآمد کرلیے، گرفتار ملزم ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہے۔

شارع فیصل تھانے کے انویسٹی گیشن انچارج انسپکٹر صالم رند نے پولیس پارٹی کے ہمراہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب ایک چائے خانے پر چھاپہ مارکر جعلی ڈی ایس پی عبدالرشید شیخ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے محکمہ پولیس، ریونیو، صحت اور قانون سمیت دیگر100 سرکاری اداروں کے مختلف ناموں سے تقررنامے، میٹرک بورڈ آفس کے جعلی سرٹیفکیٹ ، مختلف محکموں کی 22 سروس بکیں اور دیگر سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی دستاویزات برآمد کرلیں۔

دوسری جانب انویسٹی گیشن انچارج صالم رند نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزم گلستان جوہر بلاک 10 کا رہائشی ہے جبکہ اس کا آبائی تعلق خیر پور میرس سے ہے انھوں نے بتایا کہ ملزم عبد الرشید کے قبضے سے اس کی اپنی بلدیہ ٹاؤن پولیس ہیڈ کوارٹرز میں تقرری کا جعلی نوٹیفکیشن بھی برآمد کیا گیا ہے ملزم نے دوران تفتیش اپنے چند ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تاہم فوری طور پر گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

علاوہ ازیں صالم رند نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ گزشتہ 2 سال سے لوگوں کو سرکاری ملازمتیں دلانے کے نام پر لاکھوں روپے وصول کرچکا ہے ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ ملازمت دلانے کے نام پر شہریوں سے ابتدائی طور پر 2 سے3 لاکھ روپے لیتا ہے جبکہ بعد میں انھیں جعلی لیٹر دکھاکر مزید رقم وصول کرتا تھا ، ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ شہریوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرچکا ہے ملزم عبدالرشید شیخ نے تفتیش جاری ہے اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔