ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا لاک ڈاؤن ہوچکا، شہبازشریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جنوری 2017
عوام کی ترقی وخوشحالی کے ایک بڑے پروگرام پرعمل پیرا ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب فوٹو: فائل

عوام کی ترقی وخوشحالی کے ایک بڑے پروگرام پرعمل پیرا ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا لاک ڈاؤن ہوچکا ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف اورگورنرپنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ ملکی صورت حال، امن عامہ اورترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنرپنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں امن عامہ کی بہتری کیلئے موثراقدامات کئے ہیں اور صوبےکےعوام ترقیاتی پروگراموں کےثمرات سے مستفید ہورہے ہیں.

شہبازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محورعوام کی بے لوث خدمت ہے، ہم عوام کی ترقی وخوش حالی کےایک بڑے پروگرام پرعمل پیرا ہیں۔ توانائی بحران سےنجات دلانے کے لئےعوام سےکیا گیا وعدہ پوراکریں گے، جنوبی پنجاب میں اربوں روپے کے ترقیاتی پروگرام پرعملدرآمد کیا جارہا ہے.

اس خبر کو بھی پڑھیں: ملک کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے بھی ملاقات کی، ملاقات کے دوران شہباز شرہف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدارکی سیاست کی ہے، باشعورعوام خدمت، امانت، دیانت اورشفافیت کی سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں، ترقی کاسفر روکنے کی سازش پہلے بھی ناکام رہی اورآئندہ بھی ناکام رہے گی، پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنے والوں کی منفی سیاست کا خود لاک ڈاؤن ہوچکا، عوام نے شکست خوردہ عناصرکوہرموقع پررد کردیا، جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو2018 میں بھی شکست ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔