اقتدار سنبھالتے ہی ٹرمپ کا پہلا یوٹرن

ویب ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2017
امریکی شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں سی آئی اے کا کلیدی کردار رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ : فوٹو : فائل

امریکی شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں سی آئی اے کا کلیدی کردار رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ : فوٹو : فائل

واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی یو ٹرن لے لیا اور سی آئی اے کی تعریفوں کے پل باندھنے لگے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدارت کا منصب سنبھالتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیانات سے پھرتے ہوئے امریکی خفیہ ادارے کی حمایت میں بیان دینا شروع کردیا ہے۔ امریکا کی سابقہ حکومت نے الزام عائد کیا تھا کہ روس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر منتخب کرانے میں معاونت کی تھی اور امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹس نے بھی باراک اوباما حکومت کے دعوے کو درست قرار دیا تھا جس کے بعد ٹرمپ اور سی آئی اے کے درمیان تناؤ پیدا ہو گیا تھا تاہم ٹرمپ نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے سی آئی اے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کوروس نے جتوایا

سی آئی اے چیف جان برینن نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو اقتدار سنبھالنے کے بعد زبان پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا تھا تاہم  امریکی صدر نے باضابطہ طور پر اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلے روز ہی سی آئی اے ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا اور ادارے کے اقدامات اور کاوشوں کے قصیدے پڑھنا شروع کردیئے۔

امریکی نائب صدر کے ہمراہ سی آئی اے ہیڈ کواٹر کے دورے کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں خفیہ اداروں کا کلیدی کردار ہے اور ہماری حکومت امریکی سراغ رساں اداروں کے ساتھ  مکمل تعاون کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے سی آئی اے سے متعلق بیان کو غلط رنگ دیا گیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ٹرمپ عہدہ سنبھالنے کے بعد زبان قابو میں رکھیں

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں شدت پسند تنظیم داعش جیسا شر آج تک نہیں دیکھا اور امریکا کے پاس دہشت گردی کو کچلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں، دنیا سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے امریکی حکومت اور خفیہ ادارے مل کر کام کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔