عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثال ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  اتوار 22 جنوری 2017
عمران خان کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا اور وہ عدالت میں ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات، فوٹو؛ فائل

عمران خان کو جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا اور وہ عدالت میں ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثال ہیں اور ثابت ہوگیا کہ انہیں جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان چور مچائے شور کی زندہ مثال ہیں، ثابت ہوگیا ہے کہ انہیں جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں آتا، عدالت کے باہر عدالت لگانے والے ثبوت پیش کیوں نہیں کرتے جب کہ انہوں نے الیکشن کمیشن میں بیرونی فنڈنگ کیس میں استثنا بھی کیوں مانگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، وہ نوازشریف فوبیا میں مبتلا ہیں، عمران خان کو کنٹینر پر الزمات لگانے اور جلسے جلوسوں میں مقدمے لڑنے کی عادت ہے، وہ قوم کو بتائیں کہ ساڑھے تین سال انہوں نے کیا کیا۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کچھ کیا ہوتا تو اشتہارات چلاتے وہ جلد ہی طویل چھٹی پر رخصت ہونے والے ہیں جب کہ نوازشریف وزیراعظم بنتے رہیں گے کیونکہ وزیراعظم بننا نصیب کی بات ہے اور  عمران خان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے سال گنتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔