دھرنے والوں کی منفی سیاست سے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی، شہبازشریف

ویب ڈیسک  پير 23 جنوری 2017
سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا، وزیراعلیٰ پنجاب، فوٹو؛ فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دھرنے والوں کی منفی سیاست سے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی جب کہ کامیابی نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت سے ملتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ دھرنے والوں کی چوردروازے سے حصول اقتدار کی ہوس اور منفی طرز سیاست کے باعث ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ہوئی، جھوٹے الزامات اور منفی سیاست کرنے والوں نے دھرنوں کے ذریعے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا، یہ جانتے ہوئے بھی کہ ملک احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں پھر بھی دھرنا گروپ نے اپنا منفی طرز عمل نہ بدلا اور بدقسمتی سے ان عناصر نے اپنے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکا کر عوام کی ترقی کے دشمن ہونے کا ثبوت دیا گیا، ملک کی تیز رفتار ترقی دیکھ کر مخالفین کی بے چینی بڑھ رہی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کامیابی نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت سے ملتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے تین سال سے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی منزل کے حصول کا خواب پورا ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی ہوس نے ملک کو بحرانوں اور اندھیروں میں دھکیلا جب کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے کی گئی سنجیدہ کاوشیں رنگ لارہی ہیں، ملک سے اندھیرے دور ہونے کا وقت آگیا ہے اورتوانائی منصوبوں پر دن رات بے پناہ کام کیا گیا ہے جس سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔