مکمل حقوق کے ساتھ آئندہ نسلوں کا تحفظ چاہیے، فاروق ستار

اسٹاف رپورٹر / نمائندہ ایکسپریس  پير 23 جنوری 2017
ایم کیوایم عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتی ہے، فیصلہ کن جدوجہدکی جانب قدم بڑھاناچاہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ایم کیوایم عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتی ہے، فیصلہ کن جدوجہدکی جانب قدم بڑھاناچاہتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی / حیدرآباد: متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینرڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے، اب مکمل حقوق کے ساتھ آئندہ نسلوں کا تحفظ بھی چاہیے۔

سرجانی ٹاؤن میں ایم کیوایم پاکستان کے تحت منعقدہ ایک بڑے جنرل ورکرز اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عملی کام کرنا ہے، ایم کیوایم کے منشور کو پہلے رحمٰن ملک اور اس کے بعد اقبال کاظمی کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔ اقبال کاظمی وہ شخص ہے جوتحریک کے بانی کو پٹیشن دائر کرکے تنگ کرتا رہا اورانھیں غدار کہتارہا،ایسے شخص کو ایم کیو ایم کوسونپنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم میں کھلے آسمان تلے ہزاروں افرادنے جمع ہوکر ہم پر اعتماد کر اظہار کردیا ہے، ایم کیوایم پاکستان عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتی ہے، ہم فیصلہ کن جدوجہد کی جانب قدم بڑھانا چاہتے ہیں۔

علاوہ ازیں حیدرآبادسے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ہفتے کو حیدرآباد پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں ڈاکٹر فاروق ستار نے ماضی میں وفاق و صوبے کی حکومتوں میں شامل ہونے کے باوجودایم کیو ایم کی جانب سے حیدرآباد میں یونیورسٹی نہ بنانے پرحیدرآباد کے عوام سے معافی مانگی اورساتھ ہی اس عزم کا اظہار بھی کردیاکہ وہ جلد ہی وفاقی حکومت سے حیدرآباد میں یونیورسٹی کا اعلان کرا کر اس کا ازالہ کرانے کی کوشش کریں گے۔ جب اس سلسلے میں ایکسپریس کی جانب سے نشاندہی کی گئی تو فاروق ستار نے نہایت کھلے دل سے کہا کہ وہ اس معاملے پر عوام کے کٹہرے میں کھڑے ہونے کو تیار ہیں اور اپنی شرمندگی کا اظہار بھی کرتے ہیں اور معافی کے طلب گار بھی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔