ای سی سی نے کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری

خصوصی رپورٹر  منگل 24 جنوری 2017
جائزہ کمیٹی مقامی سطح پر یوریا کی ریٹیل پرائس میں اضافے کی صورت میں کھادکی مزید برآمد روک دینے کی سفارش کرے گی۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

جائزہ کمیٹی مقامی سطح پر یوریا کی ریٹیل پرائس میں اضافے کی صورت میں کھادکی مزید برآمد روک دینے کی سفارش کرے گی۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

 اسلام آباد:  کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں رواںمالی سال2016-17 کیلئے کھاد پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دیدی۔

ای سی سی نے اضافی اسٹاک سے بغیرسبسڈی3 لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ اجلاس وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈارکی زیرصدارت پرائم منسٹر آفس میں ہوا۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے رواں مالی سال کے دوران فرٹیلائزر سبسڈی سکیم جاری رکھنے کی منظوری دی، اس سلسلے میں پہلے سے طے شدہ شرائط و ضوابط برقرار رہیں گی، حکومت کاشتکاروں اور زرعی شعبہ کی معاونت کیلیے 200 روپے فی بوری سبسڈی دے رہی ہے جبکہ ای سی سی نے28 اپریل2017 تک بغیرکسی سبسڈی کے3 لاکھ ٹن یوریا کھاد برآمد کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان چینی کی برآمد کے طریقہ کارکی طرز پر برآمدی یوریا کی مقدارکی بھی مانیٹرنگ کرے گا جبکہ فرٹیلائزر ریویو کمیٹی ملک میں ماہانہ بنیادوں پر یوریا کی قیمتوں کو مانیٹرکریگی۔ مقامی سطح پر یوریا کی ریٹیل پرائس میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں جائزہ کمیٹی ای سی سی کو کھاد کی مزید برآمدروک دینے کی سفارش کرے گی۔

واضح رہے کہ یوریا کی برآمدکی اجازت ملک میں تقریباً 10 لاکھ میٹرک ٹن اضافی کھاد کی دستیابی کے پیش نظردی گئی۔ ای سی سی نے 2008-9 میں گندم کی سپلائی کی مد میں پاسکو واجبات کی ادائیگی کی اصولی منظوری دی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سیکریٹری ڈاکٹر وقار مسعود خان اورفیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین نثار محمد کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔