صومالیہ کے دارالحکومت میں پارلیمنٹ کے قریب ہوٹل پر حملہ، 28 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 25 جنوری 2017
دہشت گردوں نے ہوٹل پر 2 دھماکے کیے اور فائرنگ کی جس سے 43 افراد بھی ہوئے جن میں صحافی بھی شامل ہیں۔
فوٹو: اے ایف پی

دہشت گردوں نے ہوٹل پر 2 دھماکے کیے اور فائرنگ کی جس سے 43 افراد بھی ہوئے جن میں صحافی بھی شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

موغا ديشو: صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں پارلیمنٹ کے قریب ہوٹل پر بم دھماکے اور فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک جب کہ 43 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں مقامی ہوٹل پر نامعلوم مسلح ملزمان نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی ٹکرانے کے بعد ہوٹل پر فائرنگ کردی جس کے جواب میں سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی لیکن واقعے کی اطلاع ملنے پر جیسے ہی ریسکیو اہلکار،  صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار موقع پر پہنچے تو اس دوران ایک اور دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد ہلاک ہوگئے۔

ریسکیو ادارے کے مطابق دونوں دھماکوں میں 28 افراد کی ہلاکت کے ساتھ 43 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں صحافی اور سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق اچانک حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ہوٹل کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا اور ہوٹل سے کئی افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق پولیس کا کہنا ہےکہ آپریشن میں تمام حملہ آور ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند گروپ الشباب نے قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ موغا دیشو میں جس ہوٹل پر حملہ کیا گیا وہ صومالیہ کے پارلیمںٹ کے قریب واقع ہے جس میں وہاں کے پارلیمینٹیرن سمیت بین الاقوامی شخصیات بھی موجود ہوتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔