کویتی خاتون نے شوہر اور نندوں سے انتقام کیلئے 56 عورتوں اور بچوں کو زندہ جلا ڈالا

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 جنوری 2017
عدالت کے حکم پر 56 خواتین اور بچوں کو زندہ جلانے والی خاتون کو سزائے موت دیدی گئی۔ فوٹو:العربیہ

عدالت کے حکم پر 56 خواتین اور بچوں کو زندہ جلانے والی خاتون کو سزائے موت دیدی گئی۔ فوٹو:العربیہ

کویت سٹی: کویت میں ایک خاتون نے اپنے شوہر اور نندوں سے انتقام لینے کے لئے 56 خواتین اور بچوں کو زندہ جلا ڈالا۔

کویت کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق 3 روز قبل سزائے موت پانے والی تین خواتین کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا گیا لیکن ان میں سے ایک خاتون نصرہ یوسف محمد العنزی کی جانب سے اعتراف جرم کی کہانی اس قدر لرزہ خیز تھی کہ سننے والوں کی سانسیں ہی رک جائیں۔

کہانی کچھ اس طرح ہے کہ نصرہ کے شوہر نے اس کے سامنے دوسری شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو اس نے اسی وقت اپنے شوہر اور سوکن سے انتقام لینے کی ٹھان لی تھی۔ 2009 میں نصرہ کے شوہر کی جانب سے اپنے دوسری شادی کے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ انتقام کی آگ میں سلگتی نصرہ نے 56 خواتین اور بچوں کو زندہ جلا ڈالا۔ نصرہ نے اپنے شوہر کی دوسری شادی کے روز تقریب کے لیے نصب شامیانے پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں شامیانے کے اندر موجود 56 خواتین اور بچے ہمیشہ کے لئے موت کی آغوش میں چلے گئے۔

کویتی خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس لرزہ خیز فعل کے پیچھے شوہر سے انتقام کا جذبہ تھا کیونکہ جب نندوں نے مجھے خاوند کے گھر سے باہر نکالا تو اس وقت میرا شوہر اپنی بہنوں کے سامنے بھیگی بلی بن گیا تھا۔ نصرہ نے مزید بتایا کہ مجھے گھر سے نکالنے کے بعد نندوں نے میرے شوہر کی دوسری شادی کا فیصلہ کر کے میری اور اکلوتے بچے کی زندگی تباہ کر دی تھی جس کا انتقام لینے کے لئے میری روح بے قرار تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔