جولائی تا ستمبر، ای بینکاری ٹرانزیکشنز میں 15 فیصد اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعرات 3 جنوری 2013
ریئل ٹائم آن لائن برانچز میں121 اور پلاسٹک کارڈز کی تعداد 9.55 فیصد بڑھ گئی۔

ریئل ٹائم آن لائن برانچز میں121 اور پلاسٹک کارڈز کی تعداد 9.55 فیصد بڑھ گئی۔

کراچی:  رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تاستمبر) کے دوران ای بینکاری ٹرانزیکشنز کا حجم اور مالیت گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے بالترتیب 15 اور 5 فیصد اضافے کے ساتھ 74.87 ملین اور 6.5 ٹریلین روپے تک جا پہنچی۔

اسٹیٹ بینک کے پیمنٹ سسٹمز ریویو کے مطابق بینکوں نے مزید 242 اے ٹی ایمز نصب کیں جن سے ملک میں اے ٹی ایمز کی مجموعی تعداد 5987 ہوگئی۔ اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز کا ای بینکاری میں بڑا حصہ رہا جو 58.6 فیصد ہے جبکہ فی ٹرانزیکشن اوسط مالیت 9810 روپے رہی، اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز کی مجموعی مالیت اور حجم بالترتیب 22 اور 13 فیصد بڑھ گیا۔

2

ریویو کے مطابق ریئل ٹائم آن لائن برانچز (آرٹی اوبیز) میں121 برانچوں کا اضافہ ہوا، اب 10111 بینک برانچوں میں سے 9412 برانچیں ملک بھر میں آر ٹی او بی خدمات فراہم کررہی ہیں، آر ٹی او بی ٹرانزیکشنز کا حجم اور مالیت بھی گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں بالترتیب 21 فیصد اور 4 فیصد بڑھ گئی، ملک میں پلاسٹک کارڈز کی تعداد بھی مذکورہ سہ ماہی کے دوران 9.55 فیصد بڑھ گئی۔

اس سہ ماہی کے اختتام تک ملک میں تقریباً 19.67 ملین پلاسٹک کارڈ جاری کیے گئے، پوائنٹ آف سیلز ٹرمینلز (پی اوایس) کے ذریعے ٹرانزیکشنز کی مالیت اور حجم بالترتیب 20.8 ارب روپے اور 4.3 ملین رہا جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں بالترتیب 15 اور 5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔