اداکار خیام سرحدی کی 6 ویں برسی آج منائی جارہی ہے

کلچرل رپورٹر  جمعـء 3 فروری 2017
یونان سے اداکاری کی تعلیم حاصل کی،’’وارث‘‘سمیت کئی ڈرامہ سیریلزمیں کام کیا۔ فوٹو: فائل

یونان سے اداکاری کی تعلیم حاصل کی،’’وارث‘‘سمیت کئی ڈرامہ سیریلزمیں کام کیا۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  فلم، ریڈیو، ٹی وی اور اسٹیج کے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار خیام سرحدی کی 6 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

ہنس مکھ اور ملنسار فنکار نے 1948ء میں  اپنے وقت کے معروف فلمی ڈائریکٹر ضیاء سرحدی کے ہاں پیدا ہوئے۔ ضیاء سرحدی انھیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے ‘مگر خیام سرحدی پر اداکار اورہدایتکار بننے کا جنون سوار تھا آخر والد کو  بیٹے کے شوق کے آگے ہتھیار ڈالنے پڑے اور انھوں نے  ایکٹنگ، ڈائریکشن او رپروڈکشن کا کورس کروانے کے لیے یونان بجھوا دیا،جہاں سے ڈپلومہ کرنے کے بعد تھیٹر سے وابستہ ہوگئے۔

خیام سرحدی پاکستان آکر ریڈیو جوائن کرلیا، جہاں سے پی ٹی وی کے پروڈیوسر یاور حیات نے ٹی وی ڈراموں میں متعارف کروایا۔ پی ٹی وی میں  انھوں نے ’’وارث‘‘، ’’ریزہ ریزہ‘‘، ’’من چلے کا سودا‘‘، ’’دہلیز‘‘، ’’لازوال‘‘ ،’’سورج کے ساتھ ساتھ ‘‘ سمیت ان گنت ڈرامہ سیریلز میں کام کیا۔ اس کے علاوہ انھوں نے تین فلمیں ’’اک سی ڈاکو‘‘،’’بوبی‘‘ اور ’’مہک‘‘ میں کام کیا۔

واضح رہے کہ وفات سے قبل وہ بھی  دوسرے فنکاروں کی طرح  کام کی وجہ سے کراچی میں ہی رہ رہے تھے۔ انہوں نے دو شادیاں کیں جن میں سے پہلے عطیہ اشرف اور دوسری شادی اداکارہ زمرد خان کی بہن صاعقہ سے کی جن سے ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ اپنے انداز کا یہ منفرد فنکار تین فروری 2011ء کو دل کا دورہ پڑنے پر جان حقیقی سے جا ملا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔