شارع فیصل کوکشادہ کرنے کا کام شروع؛ منصوبے پر900 ملین لاگت آئے گی

سید اشرف علی  بدھ 8 فروری 2017
ہوٹل میٹرو پول سے اسٹارگیٹ تک شارع کی توسیع، فٹ پاتھ، برساتی نالے کی تعمیر نو اوراسترکاری بھی کی جائے گی:فوٹو : فائل

ہوٹل میٹرو پول سے اسٹارگیٹ تک شارع کی توسیع، فٹ پاتھ، برساتی نالے کی تعمیر نو اوراسترکاری بھی کی جائے گی:فوٹو : فائل

 کراچی: ہوٹل میٹروپول سے اسٹارگیٹ تک شارع فیصل کوکشادہ کرنے کے منصوبے پرکام شروع کردیا گیا ہے منصوبے کے تحت ساڑھے 13 کلومیٹرشارع کی توسیع، فٹ پاتھ ،برساتی نالے کی تعمیرنواوراسترکاری کاکام جون تک مکمل کرلیاجائے گا۔

منصوبے پر900 ملین روپے لاگت آئے گی، تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات نے شارع فیصل پر ٹریفک جام کا مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہوٹل میٹروپول سے اسٹارگیٹ تک شارع کوکشادہ کرنے کے لیے کام شروع کردیاہے،منصوبے کے تحت شارع کے دونوں اطراف جہاں3 ٹریک ہیں وہاں ایک اورٹریک کااضافہ کیاجائے گا،ایک ٹریک پر کارساز سے نرسری تک جبکہ دوسرے ٹریک پرنرسری تاکارساز تک شارع کواکھاڑاجارہا ہے۔

انجینئرزنے بتایاہے کہ سڑک کی استرکاری کے لیے شارع کی بالائی سطح کومعمولی اکھاڑاجارہا ہے، جس پرٹریفک رواں ہے اس لیے ٹریفک جام کاکوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم سڑک کی استرکاری کے وقت ٹریفک جام کے مسائل سامنے آسکتے ہیں جس کے لیے منصوبہ بندی کے تحت پہلے 2 ٹریک کی استرکاری کی جائے گی اورایک ٹریک پرٹریفک جاری رہے گا، پروجیکٹ ڈائریکٹرنیازسومرو نے بتایاکہ شارع فیصل کایہ منصوبہ سڑک کوکشادہ کرنے کاہے جہاں 4 ٹریک موجودنہیںوہاں ایک اورٹریک کااضافہ کیاجائے گاجس کے لیے فٹ پاتھ کو چھوٹا کردیاجائے گا،ہوٹل میٹروپول تا ریجنٹ پلازہ دونوں اطراف ایک ٹریک کااضافہ کیاجائے گا۔

کارساز تا ناتھ خان پل تک دونوں اطراف ایک ٹریک کااضافہ کیاجائے گا،نرسری کے پاس سڑک کے ایک طرف نیابرساتی نالہ تعمیرکیاجائے گا،سڑک کے دونوں اطراف فٹ پاتھ و برساتی نالے کی تعمیر نواورپتھر لگائے جائیں گے، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اورنئی اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں گی، انھوں نے مزیدکہا کہ شارع فیصل شہرکی مصروف ترین سڑک ہے یہاں ٹریفک کی روانی قائم رکھنے کے لیے دیگرمنصوبوں پر بھی ترقیاتی کاموں کاآغازکردیاگیاہے جس میں راشدمنہاس رائٹ ٹرن فلائی اوورکی چھت کی تعمیرنو اورڈرگ روڈ انٹرسیکشن پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔