ملک کے مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹےتک جاپہنچا

ویب ڈیسک  جمعـء 4 جنوری 2013
تیل کی عدم فراہمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی سے بجلی کا  شارٹ فال 5000 میگاواٹ سے تجاوزکرگیا ہے. فوٹو: فائل

تیل کی عدم فراہمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی سے بجلی کا شارٹ فال 5000 میگاواٹ سے تجاوزکرگیا ہے. فوٹو: فائل

ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹےہوگیا ہے۔ 

تیل کی عدم فراہمی اور پن بجلی کی پیداوار میں کمی سے بجلی کا شارٹ فال 5000 میگاواٹ سے تجاوزکرگیا، لاہور میں مسلسل چار چار گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے اور دیہات میں 16 گھنٹوں سے بڑھ گیا، فیصل آباد ریجن کے شہری علاقوں میں 12 اور دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹوں سے زیادہ ہوگیا، صنعتوں کے لئے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے بڑی تعداد میں پاورلومز مزدور بے روزگار ہوگئے، گوجرانوالہ ریجن کے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16  اور دیہات میں 20 گھنٹےہوگیا۔

خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ سےعوام پریشان ہیں، پشاور شہر میں 6 گھنٹے جب کہ کوہاٹ، بنوں، ہنگو، سوات، دیر، ڈیرہ اسماعیل خان اور چارسدہ کے شہری علاقوں میں 16 گھنٹے اور دیہات میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بدترین لوڈشیڈنگ سے کئی علاقوں میں پانی کی قلت سنگین صورتحال اختیارکرگئی ہے۔ مختلف علاقوں میں پانی اوربجلی نہ ہونے پرعوام سراپا احتجاج ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔