بینظیرقتل:امریکی صحافی مارک سیگل گواہی کے لیے نہ پہنچے

قیصر شیرازی  ہفتہ 5 جنوری 2013
بینظیر قتل کیس میں بیان دینے کیلئے ہر وقت تیار ہوں جونہی گرین سگنل دیا جائے گا  پاکستان پہنچ جاؤں گا،مارک سیگل فوٹو فائل

بینظیر قتل کیس میں بیان دینے کیلئے ہر وقت تیار ہوں جونہی گرین سگنل دیا جائے گا پاکستان پہنچ جاؤں گا،مارک سیگل فوٹو فائل

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹوکے قتل کیس کی سماعت آج ہفتہ5 جنوری کوانسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبرایک میں ہوگی۔

عدالت کی طرف سے سمن جاری ہونے کے باوجود مقدمہ کے اہم ترین گواہ امریکی صحافی مارک سیگل شہادت دینے کیلیے آمادگی ظاہرکرنے کے باوجود پاکستان نہیں پہنچے۔ تفتیشی ٹیم کیطرف سے ان کابیان طے شدہ پالیسی کے تحت عارضی طور پر روک لیا گیا ہے۔انھیں آئندہ کسی بھی تاریخ پر بیان ریکارڈ کرانے کیلیے پیش کر دیا جائے گا،مارک سیگل کی سیکیورٹی کیلیے بھی انتہائی سخت انتظامات کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ مارک سیگل نے مجاز اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ اس کیس میں بیان دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں جونہی گرین سگنل دیا جائے گا وہ پاکستان پہنچ جائیں گے جبکہ آج اس کیس کے اہم ترین گواہان ایس ایس پی اشفاق انور،ایس ایس پی یاسین فاروق،ڈاکٹر مصدق خان، ریسکیو1122کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالرحمن نے سمن وصول کرلیے ہیں اور عدالت بھی بیان دینے کیلیے پیش ہوںگے۔

جبکہ اعتراف جرم کرنیوالے ملزم کا بیان ریکارڈکرنے والے مجسٹریٹ احمد مسعود جنجوعہ پر جرح بھی آج ہوگی،ان گواہان کے بیانات سے بینظیر بھٹو قتل کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوجائے گا جبکہ ہائیکورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بینچ کی طرف سے اس اہم ترین مقدمہ کی تیزی کے ساتھ سماعت کے حکم کی نقل بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میںگزشتہ روز پہنچا دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔