شہباز شریف کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کا فیصلہ 19 فروری تک کردیا جائے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی

ویب ڈیسک  پير 13 فروری 2017
وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ 19 فروری تک کر دیا جائے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی۔  فوٹو فائل

وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ 19 فروری تک کر دیا جائے گا، اسپیکر پنجاب اسمبلی۔ فوٹو فائل

 لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف کے ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ ریفرنس کا فیصلہ 19 فروری تک کردیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں اسپیکر رانا اقبال کی سربراہی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو نااہل قرار دیا جائے۔ سماعت کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کا کہنا تھا کہ آج ایک فریق کو سنا ہے دوسرے فریق کو بھی بلاکر سنا جائے گا جس کے لیے آج وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی نوٹس بھجوادیا جائے گا جب کہ وزیراعلیٰ خود یا وکیل کے ذریعے پیش ہوکر موقف دے سکتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : شہباز شریف کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنیکی منظوری 

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ  کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ 19 فروری تک کر دیا جائے گا لیکن اگر فیصلہ نہ ہوسکا تو ریفرنس ازخود الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا جو 3 ماہ میں فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔