بھارتی فلموں سے انڈسٹری کو نقصان ہوگا، ندیم

کلچرل رپورٹر  منگل 14 فروری 2017
یہ سال پاکستان کی فلم انڈسٹری کی کامیابی کا سال ہوگا، اداکار۔ فوٹو: فائل

یہ سال پاکستان کی فلم انڈسٹری کی کامیابی کا سال ہوگا، اداکار۔ فوٹو: فائل

کراچی: حکومت پاکستان کی جانب سے بھارتی فلموں کی نمائش کو قانونی شکل دینے سے فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچے گا، پہلے بھی ہماری فلم انڈسٹری جو تیزی سے ترقی کررہی ہے انڈین فلموں نے انھیں نقصان پہنچایا ہے۔

سینئر اداکار ندیم نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم بھارتی فلموں سے خوف زدہ نہیں ہمارے پاس موجود ٹیلنٹ آج کے دور کی فلم انڈسٹری کے لیے بہترین کام کررہا ہے، جس طرح بھارتی فلموں کو پاکستان میں نمائش کی اجازت دی گئی اسی طرح پاکستانی فلموں کی بھی بھارت میں نمائش ہونی چاہیے بھارتی حکومت نے نہ صرف پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے کی مخالفت کی ہے بلکہ پاکستانی فلموں کو بھی بھارت میں نمائش کی اجازت نہیں دی۔

ندیم نے کہا اب فیصلہ سنیما مالکان نے کرنا ہے کہ وہ کس طرح اپنے ملک میں بنائی جانے والی فلموں کو سپورٹ کرتے ہیں، سنیما مالکان کو بھی اپنے رویہ میں تبدیلی لانا ہوگی کیونکہ رواں سال بہت اچھی اور معیاری فلموں کی نمائش ہو نے والی ہے، یہ سال پاکستان کی فلم انڈسٹری کی کامیابی کا سال ہوگا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔