نیوز لیک؛ لاہور ہائی کورٹ نے انکوائری کی تکمیل کی تاریخ طلب کرلی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 14 فروری 2017
لاہور ہائیکورٹ میں 14ججز کی تعیناتی کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ میں 14ججز کی تعیناتی کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:  لاہور ہائی کورٹ نے نیوز گیٹ اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے قائم کمیٹی سے انکوائری مکمل کرنے کی حتمی تاریخ طلب کرلی۔

چیف جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ حکومت واضح بتائے انکوائری مکمل ہونے میں 5 دن لگیں گے یا 5 سال۔ قبل ازیں سماعت کے دوران وزارت داخلہ کی طرف سے اسٹینڈنگ کونسل حنا حفیظ اللہ نے پیش ہوکر انکوائری مکمل ہونے کی حتمی تاریخ دینے سے معذرت کرلی۔ انھوں نے کہا کہ تحقیقات میں 7 فروری تک توسیع کی گئی تھی لیکن اسکے بعد ہدایات نہیں ملیں کہ انکوائری کب مکمل ہوگی۔

دوسری جانب درخواست گزار کے وکیل بابراعوان نے کہاکہ گزشتہ ہفتے پاک فوج نے اپنے بیان میںکہاکہ انکوائری جلد مکمل ہوجائے گی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم کو بچانے کیلیے6مرتبہ کمیٹی کی مدت میںتوسیع کی گئی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ حیرانی ہے حکومت رپورٹ مکمل کرنے کے بجائے توسیع پر توسیع کررہی ہے۔ کیاحکومت چاہتی ہے کہ ایک سال معمولی انکوائری میں لگ جائے۔ صرف یہ جاننا چاہتے ہیں کہ نیوز لیک کی انکوائری آخرکب مکمل ہو گی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ کمیٹی سے حتمی تاریخ پوچھ کر کل بتایا جائے کہ انکوائری کب تک مکمل ہو گی۔

دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ میں 14ججز کی تعیناتی کو چیلنج کر دیا گیا ہے۔ اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نئے ججز کی تعیناتی میرٹ پر نہیں کی گئی،عدالت نئے ججز کی تقرری کالعدم قرار دے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔