کرپٹ حکومت ملک وقوم پر بوجھ بن چکی ہے، عمران خان

خبر ایجنسیاں  منگل 14 فروری 2017
عمران خان نے لاہور میں بم دھماکے کے باعث دورہ خیبر پختونخوا موخر کردیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

عمران خان نے لاہور میں بم دھماکے کے باعث دورہ خیبر پختونخوا موخر کردیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کو اقتدار کے ایوان نہیں جیلوں میں ہونا چاہیے، کر پشن کرنے والے ملک اور قوم کے خیرخواہ نہیں، ہم ملک وقوم کو ان سے نجات دلا کر ہی دم لیں گے، کرپٹ حکومت ملک اور قوم پر بوجھ بن چکی ہے، تحریک انصاف پانامہ کے معاملے کو انجام تک پہنچنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک وقوم کے مفاد کی جنگ لڑرہی ہے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اگر ملک سے مہنگائی بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تواس کیلیے ملک کو کرپشن سے مکمل نجات دلانا ضروری ہے، نوازشریف اور ان کی حکومت ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کررہی ہے اور کرپٹ حکومت ملک اور قوم پر بوجھ بن چکی ہے۔

دریں اثنا عمران خان نے لاہور میں بم دھماکے کے باعث دورہ خیبر پختونخوا موخر کردیا، پارٹی چیئرمین آج لاہور آئیں گے اور دہشت گردی میں زخمی ہونے والوں کی اسپتالوں میں عیادت کریں گے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے بنی گالہ میں پارٹی رہنما چوہدری سرور اور چوہدری اشفاق سے ملاقات کے دوران پانامہ لیک کیس، پارٹی اموراور آئندہ عام انتخابات سمیت دیگر امور کے حوالے سے مشاورت کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔