دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  منگل 14 فروری 2017
معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو؛ فائل

معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو؛ فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب کہ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔

وزیراعلیٰ نے گنگارام اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور زخمی بچوں، مردوں اور خواتین سے ان کی خیریت دریافت کی اور اس افسوسناک واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر زخمی پولیس اہلکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک ہمارے جسم میں خون کا آخری قطرہ ہے ملک کی خاطر جان لڑا دیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹرز، سرجنز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے اسپتالوں میں آنے والے زخمیوں کا پوری طرح خیال رکھا ہے جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، یہ دہشت گردی کا بدترین واقعہ ہے، بزدل اور درندہ صفت دشمن نے سفاکانہ کارروائی کی ہے، معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے اپنے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے اور قوم اس کا بدلہ ضرور لے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : لاہور خودکش حملے میں 2 اعلیٰ پولیس افسران سمیت 13 افراد شہید 

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دینے والی بہادر قوم کے ارادوں کومتزلزل نہیں کیا جاسکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رنگ لائے گا اور دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔