ٹرمپ کو ووٹ دینے پر امریکی خاتون نے شوہر کو چھوڑ دیا

 منگل 14 فروری 2017
خاتون نے شادی کے 22 سال بعد شوہر سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ فوٹو؛ فائل

خاتون نے شادی کے 22 سال بعد شوہر سے علیحدگی اختیار کی ہے۔ فوٹو؛ فائل

کیلیفورنیا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جہاں دنیا بھر کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں وہیں امریکی شہری کے لیے بھی اس وقت مصیبت بن گئے جب اس کی بیوی نے ٹرمپ کی حمایت کرنے پر شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی۔

امریکی خاتون نے شادی کے 22 سال بعد اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے شوہر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی اور اسے ووٹ دیا جو اس کے نزدیگ بے وفائی اور بغاوت ہے۔

73 سالہ گائل مِک کارمک نامی خاتون خود کو ’’سوشلسٹ ڈیموکریٹ‘‘ کہتی ہیں اور انہوں نے 22 سال قبل شادی کی تھی۔ ان کے شوہردائیں بازو کے خیالات رکھتے ہیں جنہیں وہ برداشت کرتی رہیں لیکن شوہر کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور انہیں ووٹ دینے  کے عمل کو انہوں نے ’’بے وفائی اور غداری‘‘ قرار دیتے ہوئے وکیل سے رابطہ کیا۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنے شوہر سےعلیحدگی اختیار کرچکی ہیں۔

خاتون کا کہنا ہےکہ وہ پہلے بھی شوہر کا ساتھ نبھا کر خود کو دھوکا دیتی رہیں اور اگر وہ ابھی جوان ہوتیں تو انہیں قبول نہ کرتیں۔ امریکی صدارتی انتخابات میں اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دینے کے بعد خاتون نے کیلیفورنیا میں شوہر کا گھر چھوڑ دیا اور واشنگٹن چلی آئیں۔

خاتون نے کہا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتیں لیکن انہوں نے طلاق کا تقاضہ نہیں کیا، وہ اپنے شوہر کے ساتھ چھٹیاں گزارنا چاہتی ہیں لیکن مسلسل سیاسی گفتگو کرکے اکتا گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔