میچ فکسنگ کے الزام میں ناصرجمشید بُکی سمیت برطانیہ میں گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 14 فروری 2017
پی سی بی پہلے ہی ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل کرچکا ہے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی پہلے ہی ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل کرچکا ہے۔ فوٹو: فائل

 لندن: پاکستان سپر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے ناصر جمشید اور بکی یوسف کو گرفتار کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان سپر لیگ میں میچ اور اسپاٹ فکسنگ کے تناظر میں 2 افراد کو گرفتارکئے جانے کی تصدیق کی جب کہ ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے دونوں افراد کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہے جنہیں 13 فروری کو حراست میں لیا گیا تھا۔ نیشنل کرائم ایجنسی کے ترجمان کے مطابق دونوں افراد سے طویل انٹرویو کے بعد انہیں اپریل 2017 تک ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پی سی بی کا فکسرز کو قرار واقعی سزا دینے کا فیصلہ

دوسری جانب پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں گرفتار ہونے والوں میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز ناصر جمشید اور برطانوی بکی یوسف شامل ہیں جنہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے جب کہ ناصر جمشید کی برطانیہ میں گرفتاری کے بعد انہیں پی سی بی کی جانب سے معطل کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائٹیڈ کو بڑا جھٹکا، شرجیل خان اور خالد لطیف ایونٹ سے باہر

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فکسنگ الزامات پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کئے تھے جب کہ ناصر جمشید کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔