اب تجاوزات قائم ہوئیں تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی دنیا دیکھے گی، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 15 فروری 2017

ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنا کردار ادا کریں اور یہ مذاق اب ختم ہونا چاہیئے، مراد علی شاہ: فوٹو: فائل

ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنا کردار ادا کریں اور یہ مذاق اب ختم ہونا چاہیئے، مراد علی شاہ: فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر آئندہ شہر میں تجاوزات قائم ہوئیں تو وہ متعلقہ افسر کے خلاف ایسی کارروائی کریں گے کہ دنیا دیکھے گی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدرات کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی کو بریفنگ دی گئی کہ سرکلر ریلوے کے روٹ پر 762 کچے مکانات ہیں، 25 سے 125 مربع گز کے 3850 سے زائد پکے گھر اور  اور 125 مربع گز سے زائد کی 36 کمرشل عمارتیں قائم ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تجاوزات قائم کی جارہی ہوتی ہیں اس وقت کیا ضلعی انتظامیہ اورپولیس سورہی ہوتی ہے، پہلے ضلعی انتظامیہ اورپولیس تجاوزات قائم ہونے دیتی ہیں اور جب تجاوزات ہٹائی جاتی ہیں توحکومت بدنام ہوتی ہے اوراگر آئندہ شہر میں تجاوزات قائم ہوئیں تو میں متعلقہ افسر کے خلاف ایسی کارروائی کروں گا کہ دنیا دیکھے گی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس اپنا کردار ادا کریں اور یہ مذاق اب ختم ہونا چاہیئے، ہم تجاوزات ہٹانے میں شہری حکومت کی مدد کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔