ٹرمپ ذہنی مریض اورصدارت کیلئے نااہل ہیں، امریکی ماہرینِ نفسیات

ویب ڈیسک  بدھ 15 فروری 2017
امریکی نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی  باتوں اور حرکتوں سے خود کو دماغی مریض ثابت کررہے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

امریکی نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی باتوں اور حرکتوں سے خود کو دماغی مریض ثابت کررہے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

نیویارک: امریکا کے 35 ماہرینِ نفسیات اورمعالجین کا ایک مشترکہ خط  نیویارک ٹائمز میں شائع ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ذہنی مریض اور صدارت کے لیے نااہل ہیں۔

یہ خط 9 فروری کے روز اسی اخبار میں سیاسی تجزیہ نگارچارلس ایم بلو کے ایک کالم کی تائید میں لکھا گیا ہے جس میں چارلس کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر نہیں بلکہ ’’فاتح‘‘ بننا چاہتے ہیں۔

13 فروی کو شائع شدہ اس خط میں 35 امریکی نفسیاتی ماہرین اورمعالجین نے یہی خیالات آگے بڑھاتے ہوئے مشترکہ مؤقف پیش کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے الفاظ اورطرزِ عمل، دونوں سے ثابت کررہے ہیں کہ وہ دوسروں کےلیے کوئی ہمدردی نہیں رکھتے اور ان میں اختلافِ رائے برداشت کرنے کی بالکل بھی صلاحیت نہیں۔ علاوہ ازیں وہ اپنے مخالفین کا منہ بند کرنے اورانہیں کچلنے کےلیے کسی بھی حد تک جانے پر آمادہ رہتے ہیں جو نفسیاتی طور پر بیمار ہونے کی علامات میں شامل ہیں۔

اس خط میں امریکی نفسیاتی ماہرین نے امریکن سائیکیٹرک ایسوسی ایشن کے 1973 میں منظورکردہ رضاکارانہ ’گولڈواٹررول‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس اصول کی وجہ سے امریکی نفسیاتی معالجین کی سب سے بڑی انجمن نے مشہور شخصیات کی دماغی حالت کے بارے میں خاموش رہنے کی پالیسی پر عمل جاری رکھا ہوا ہے لیکن اس نازک وقت پر کچھ نہ کہنا امریکہ کےلیے بدترین نقصان کی وجہ بن سکتا ہے۔

ان تمام شواہد کومدنظر رکھتے ہوئے اس خط کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی خراب دماغی حالت کی بناء پر امریکی صدر رہنے کےلیے نااہل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔