حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مسلسل تیسری بار اضافہ کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 15 فروری 2017
لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رہے گی جس پر حکومت 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، وزیرخزانہ ۔ فوٹو:فائل

لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رہے گی جس پر حکومت 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، وزیرخزانہ ۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے تاہم لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں نہ بڑھانے کی وجہ سے حکومت ان مصنوعات پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

واضح رہے اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 19 پیسے اورڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 53 پیسے اورمٹی کے تیل میں 16 روپے 71 پیسے اضافے کی بھی سفارش کی گئی تھی، قیمتوں میں اضافے کی تجویز  آئندہ 15 روز کے لیے کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔